پشاور۔یکم جون(اے پی پی): وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کے فلاحی ریاست کے قیام کے وژن کے مطابق عام آدمی کی فلاح کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے ۔
اپنے دورہ ضلع ہری پور میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ صحت کارڈ پلس صوبائی حکومت کا ایک منفرد منصوبہ ہے جو دُنیا بھر میں اپنی مثال آپ رکھتا ہے ۔ اُنہوں نے کہاکہ اس منصوبے کے ذریعے خیبرپختونخوا کے تمام باشندے ملک میں کہیں بھی منتخب شدہ سرکاری اور نجی ہسپتالوں سے علاج معالجے کی مفت سہولیات حاصل کر سکتے ہیں اور اس پروگرام کی سو فیصد آبادی تک توسیع سے اب تک ہزاروں افراد اس سہولت سے مستفید ہو چکے ہیں۔ یہ صوبائی حکومت کا صحیح معنوں میں ایک عوام دوست منصوبہ ہے ،جو فلاحی ریاست کی طرف ایک عملی قدم ہے ۔ صوبائی حکومت سماجی خدمات کے دیگر شعبوں میں بھی عوام کو معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے اور اس مقصد کیلئے متعدد اقدامات کئے جا چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہری پور کا معیار بلند کیا گیا ہے تاکہ عوام کو اُن کی دہلیز پر صحت کی ضروری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اُنہوں نے اس موقع پر ضلع میں ایک نئے میڈیکل کالج کے قیام کا اعلان کیا۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ہری پور کیلئے 50 لاکھ روپے جبکہ غازی بار کیلئے 15 لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان بھی کیا ۔
انہوں نے کہاکہ حکومت ہر شعبے سے منسلک عوام کو ریلیف دینے کیلئے نہ صرف پرعزم ہے بلکہ اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ضلع ہری پور کیلئے پولیس کی 640 نئی آسامیاں تخلیق کی گئی ہیں اُنہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے عوام نے پچھلے عام انتخابات میں پی ٹی آئی پر جس اعتماد کا اظہار کیا تھا ، آنے والے انتخابات میں اُس سے بھی زیادہ اعتماد کریں گے کیونکہ موجودہ حکومت عوامی توقعات پر پورا اُترنے کیلئے دن رات کوشش کر رہی ہے اور عوام سے کئے گئے وعدے ایک ایک کرکے پورے کئے جارہے ہیں۔
فاروق/صائمہ حیات
محمود خان نے کہاکہ اگلے بجٹ کیلئے صوبے میں اہم نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو آئندہ دو سالوں میں مکمل کئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ لوگوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے شعبہ صنعت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور صوبے میں متعدد انڈسٹریل زون کے قیام پر کام تیزی سے جاری ہے ۔ عوام کا پیسہ صرف عوام پر خرچ کیا جائے گااور یہ پی ٹی آئی کی حکومت کا منشور ہے ۔ وزیراعلیٰ نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ حکومت کے اچھے اقدامات کے بارے عوام کو آگاہی دینے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے











