مظفرگڑھ، 10 جون(اے پی پی): مظفرگڑہ کی تحصیل جتوئی میں پولیس تھانہ صدر جتوئی کی حدود کھنڈر میرانی میں پولیس مقابلہ ہوا، پولیس مقابلہ کے دوران ایک ڈاکو ہلاک دو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
تفصیل کے مطابق مظفرگڑھ کی تحصیل جتوئی میں تین ڈکیت تھانہ صدر علی پور کی حدود سے موٹر سائیکل ڈکیتی کر کے فرار ہوئے تھے۔ جتوئی پولیس نے ڈاکوؤں کو گھیرے میں لیا تو ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی، کراس فائرنگ کے نتیجہ میں اپنے ہی ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت عبد المالک عرف بھوری پرہار کے نام سے ہوئی، عبد المالک عرف بھوری پرہار پرہار گینگ کا سرغنہ تھا اور بین الصوبائی وارداتوں میں ملوث تھا۔ بھوری پرہار رحیم یار خان، راجن پور، ڈی جی خان، مظفر گڑھ، اور سندھ پولیس کو متعدد قتل ، ڈکیتی، اقدام قتل، پولیس پر حملوں اور رہزنی کی وارداتوں میں مطلوب تھا۔