ملاکنڈ،19 جون (اے پی پی ): تحصیل انتظامیہ درگئی نے 65 ہنر مند معذوروں میں سلائی مشین اور وہیل چیئرز تقسیم کئے۔بیس دن قبل درگئی میں معذوروں کے لئے منعقدہ کھلی کچہری کے دوران اسپیشل پرسنز نے مسائل بیان کئے تھے جس پر کارروائی کرتے ہوئے 52 ہنر مندگونگے بہرے افرادکو سلائی مشین اور 13معذوروں کو وہیل چیئرز دئیے گئے۔
اس سلسلے میں گورنمنٹ اسپیشل پرسنز ایجوکیشن سکول درگئی میں ایک تقریب منعقد کوئی جس کے مہمانان خصوصی اسسٹنٹ کمشنردرگئی محب اللہ خان اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر وحید اللہ خان تھے۔ تقریب میں تحصیلدار ہمایون خان نے خصوصی شرکت کی۔اسسٹنٹ کمشنر اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے سکول کے مختلف حصے اور بچوں اور بچیوں کے تیارکردہ کپڑے، سوٹس اور دیگر اشیاء دیکھے۔
تقریب سے اسسٹنٹ کمشنر درگئی محب اللہ خان، سکول کے پرنسپل نصیب گل اور انسٹرکٹر شیرزمین خان نے خطاب کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر محب اللہ خان نے کہا کہ اسپیشل پرسنز معاشرے کا اہم جُز ہیں اسلئے ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ سہیل خان کے زیر صدارت منعقدہ کھلی کچہری کے موقع پر بیان کئے گئے مسائل پر بیس دن کے اندر اندر عمل در آمد کرکے 52 ہنر مند گونگے بہرے لڑکوں اور لڑکیوں کو سلائی مشین اور 13معذوروں کو وہیل چیئرز فراہم کئے گئے ہیں جبکہ ان اسپیشل پرسنز کے دیگر مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ اسپیشل پرسنز کے لئے بہت جلد تحصیل درگئی کے سطح پر فری میڈیکل کیمپ بھی لگایا جائیگا جس میں انہیں مفت علاج معالجہ فراہم کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہنر مند معذور افراد اپنے آپ کو معاشرے پر بوجھ نہ سمجھے بلکہ اپنے ہنر اور ہمت سے اپنے گھرو الوں اور معاشرے کے کمزورطبقے کی مدد کریں۔