ملاکنڈ؛ کورونا ویکسین لگانے کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال درگئی میں صحافیوں  کیلئے خصوصی کیمپ قائم

15

ملاکنڈ ، 19جون (اے پی پی ):کورونا وائرس سے حفاظتی ویکسین لگانے کے سلسلے میں تحصیل درگئی کے صحافیوں کے لئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال درگئی میں خصوصی کیمپ لگایا گیا جس کے دوران سینئر صحافیوں اور مختلف پرنٹ و الیکٹرانک اورسوشل میڈیا سے وابستہ صحافیوں کو حفاظتی ویکسین لگائی گئی  ۔

 اس موقع پر چیئرمین ڈیڈک کمیٹی ملاکنڈ اور ممبر صوبائی اسمبلی پیر مصور خان غازی،اسسٹنٹ کمشنر درگئی محب اللہ خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر وحید اللہ خان، ایم ایس درگئی ڈاکٹر ارشد حسین ستانہ دار اور ڈی ایم ایس ڈاکٹر جاوید خان بھی موجود تھے۔کیمپ کے دوران ڈاکٹر ارشد حسین، ڈاکٹر جاوید خان، ممبر صوبائی اسمبلی پیر مصور خان اور اسسٹنٹ کمشنر محب اللہ خان نے کرونا ویکسین کے حوالہ سے اظہا رخیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرونا ایک عالمی وباء ہے جس نے گذشتہ ایک سال کے دوران لاکھوں زندگیاں نگل لی  ہیں اور بد قسمتی سے پاکستان میں اب بھی لوگ اسے ایک مذاق سمجھ کر ویکسین سے متعلق منفی پروپیگنڈے کر رہے ہیں جو کہ قابل افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کو شکست دینا،حفاظتی ویکسین لگانااور ویکسین سے متعلق منفی پروپیگنڈں کی روک تھام ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری اور فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کے آنکھ و کان کی حیثیت رکھتے ہیں اور منفی پروپیگنڈوں کے روک تھام اور عوام میں ویکسین سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں صحافیوں کا کردار نہایت اہم ہے۔