ملتان، 11 جون (اے پی پی ): تاجروں اور صنعتکاروں نے بجٹ کوعوام دوست اور نئے پاکستان کی جانب پیش قدمی قراردیا ہے ۔ تاجروں اور صنعتکاروں نے مالی سال 2021-22کے بجٹ پر کہاہے کہ اس بجٹ میں چھوٹی صنعتوں کو جومراعات دی گئیں وہ خوش آئند ہیں۔ اس کے علاوہ حکومت نے کوشش کی ہے کہ ایسا بجٹ پیش کیاجائے جس سے مہنگائی کے سیلاب کے آگے بند باندھا جاسکے۔ وزیراعظم عمران خان آئی ایم ایف کے دباﺅ کے باوجود بجلی اور گیس مہنگی کرنے سے انکارکردیا۔
ان خیالات کااظہار ایوان صنعت وتجارت ملتان کے صدرخواجہ صلاح الدین نے بجٹ تقریر کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پرایوان صنعت وتجارت کے سینئر نائب صدرسید افتخارعلی شاہ ،چیئرمین ٹیکسیشن کمیٹی ایوان صنعت وتجارت ملتان یونس غازی،سیکرٹری ایوان صنعت وتجارت محمد شفیق ودیگر عہدیداران بھی موجودتھے۔
انہوں نے کہاکہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنوں میں اضافہ بھی لوگوں کے مسائل کم کرنے میں مددگارثابت ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے نہ صرف یہ کہ ٹیکس کا ہدف حاصل کرلیا ہے بلکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوا ہے۔شرح نمو 3.9فیصد تک پہنچ گئی ہے جس کے لیے اگلے سال کا ہدف 4.8فیصدکارکھاگیاہے جبکہ اگلے دوسالوں میں اسے 6سے7فیصدتک جانے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ بجٹ بلاشبہ نئے پاکستان کی جانب پیش قدمی ظاہرکرتا ہے۔ برآمدات میں 26بلین ڈالر کاہدف حاصل کیاگیا اور اگلے سال کاہدف 29بلین ڈالر کا ہے جو ایک تاریخ ساز ہدف ہے۔