حکومت کی طرف پیش کیا جانے والا بجٹ بزنس فرینڈلی بجٹ ہے ؛ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر قیصر اقبال بریار

41

 

سیالکوٹ،11جون(اے پی پی):سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر قیصر اقبال بریارنے کہا ہے کہ حکومت کی طرف پیش کیا جانے والا بجٹ بزنس فرینڈلی بجٹ ہے۔گزشتہ سال پاکستان کی ایکسپورٹ تقریباً پندرہ فی صد بڑھی ہے اور سیالکوٹ میں اللہ کے فضل سے تیس فی صد بڑھی ہےاور آج کے بجٹ میں ایکسپورٹ کے حوالے سے جو فیصلے کیے گئے ہیں ان سےآنے والے دنوں میں ایکسپورٹ میں مزید اضافہ ہوگا۔

 جمعہ  کو    یہاں    میڈیا سے گفتگو میں   انہوں نے کہا کہ قوم  بہت دیر سے دیکھ رہی تھی کہ ایک نیشنل ایگریکلچر پالیسی آنی چاہیے۔ حکومت کی طرف سے پیش کی جانے والی ایگری کلچر  کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ ملک میں تین نئے ڈیم بننے جا رہے ہیں  اسے یقیناً بجلی کی پیداوارمیں اضافہ ہوگا اورکم لاگت میں بجلی ملے گی اور اس سے انڈسٹری کو بھی فائدہ حاصل  ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ڈی پی کے  لیے بجٹ میں ایک سو اٹھارہ ارب روپے رکھے گئے ہیں یہ بڑی خوش آئند ہے۔ انہوں نےکہا کہ اس بجٹ میں سیالکوٹ سے کھاریاں  موٹروے کا بڑا دیرینہ مطالبہ تھاوہ بننے جارہی ہے۔ ہم وزیر اعظم سے اپیل کرتے ہیں کہ  کھاریاں سے اسلام آباد سیکٹر کو بھی ابھی سے شروع کر دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایم ای سیکٹر کو پہلی دفعہ کولیکٹر فری  لون دیا جائے گا اور اس کے لیے بجٹ میں  12 ارب روپے رکھے گئے ہیں، سیالکوٹ کی زیادہ تر انڈسٹری ایس ایم ای سیکٹر پرمشتمل ہےان کو سب سے بڑا مسئلہ یہ تھا کہ وہ بینک سے لون نہیں لے سکتے تھے کیونکہ ان کے پاس گروی رکھنے کے لیے کوئی پراپرٹی نہیں تھی تو الحمدللہ اس بجٹ میں  سیالکوٹ کے صنعتکارآسان قرضہ حاصل کر سکیں  گے ۔

صدرچیمبر نے مزید کہا کہ دھاگے کے اوپر ڈیوٹی فری کرنا ہمارا  ایک پرانا مطالبہ تھادھاگہ ڈیوٹی فری ہونے سے سپورٹس ،ہوزری اور ریڈی میڈ انڈسٹری کو بہت فائدہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سٹیل  مٹیریل کو بھی ڈیوٹی فری کرنا  خوش آئند اقدام ہے۔