وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کو ترقی کی نئی راہ پر گامزن کر دیا ہے: فرخ حبیب

23

فیصل آباد ،06  جون  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات میاں فرخ حبیب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کو ترقی کی نئی راہ پر گامزن کر دیا ہے جس کے بعد اب ٹیکسٹائل صنعت کے مسائل صنعتکاروں اور تاجروں کی مشاورت سے حل کئے جائیں گے تاکہ ملکی معاشی ترقی کی رفتار کو مزید تیز کیا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن کے سابق چیئر مین چوہدری جاوید صادق کاہلوں کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے جانیوالے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سابق حکمران کشکول اٹھائے پھرتے تھے مگر آج آئی ایم ایف اور دیگر عالمی مالیاتی ادارے عمران خان کوقرض دینے کیلئے پیچھے پیچھے پھر رہے ہیں لیکن ہم نے کوئی نیا قرض نہیں لینا

۔انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی دفعہ 432ارب کی نئی مشینری امپورٹ کی گئی ہے جبکہ فیڈمک میں ویونگ سٹی کی کینسلنگ بحال کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاور لومز مالکان30جون تک فارم فل کر کے 73لاکھ روپے میں فی ایکڑ پلاٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ نئے مالی سال کا بجٹ عوام دوست وبزنس فرینڈلی ہوگا جس میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جا ئے گا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور پٹرول کی قیمتیں بھی نہیں برھائی جائیں گی اوربجٹ کے حوالے سے کسی کادباؤ قبول نہیں کیاجائے گااور تمام فیصلے عوام کے مفاد میں کئے جائیں گے جبکہ زیادہ سے زیادہ زرمبادلہ پاکستان لانے کیلئے ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل میں اضافہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں ہاؤسنگ،صحت انصاف کارڈ،کامیاب جوان پروگرام اور دیگر فلاحی منصوبوں کیلئے بھرپور فنڈز مختص کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں آئی ایم ایف کے طعنے دینے والی ن لیگ خزانے میں صر ف 9ارب ڈالر چھوڑ کر گئی جبکہ پہلے سال ہی ہمیں 10ارب ڈالر کے قرض کی قسط کی ادائیگی کرنا تھی اور خدانخواستہ ملک ڈیفالٹ کرسکتا تھا لیکن اب ہم بتدریج خود انحصاری کی طرف جارہے ہیں اور قرضوں کا بوجھ کم سے کم کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی سرگرمیوں میں فیصل آباد کی ٹیکسٹائل صنعت کا اہم کردار ہے اور فیصل آباد کی پہچان بھی ٹیکسٹائل انڈسٹری کے حوالے سے ہے جسے ہم مزید بڑھائیں گے اورہماری کوشش ہے کہ شرح نمو 6فیصد تک لے جائیں تاکہ روزگار میں اضافہ ہونیز بہترین معاشی پالیسیوں سے ملک کی اقتصادی صورتحال بہت بہتر ہوئی اور آنیوالے دنوں میں اس میں مزید بہتری بھی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ جب حکومت نے اقتدار سنبھالا تو ٹیکسٹائل انڈسٹری بدحالی کا شکار تھی،سپننگ ملز بند،پاورلومز کباڑ میں فروخت،ریفنڈز پھنسے ہوئے اور کاسٹ آف ڈوئنگ بزنس میں عدم مساوات موجود تھی جس کی وجہ سے ہمارے صنعتکار یہاں سے صنعتیں بند کرکے بنگلہ دیش منتقل ہورہے تھے لیکن حکومت نے سب سے پہلے اپنے انتخابات سے قبل فیصل آباد کے ٹیکسٹائل ملرز اور دیگر دوستوں کے ساتھ مل کر جو پالیسی تشکیل دی اس کنٹری بیوشن کے تحت ٹیکسٹائل سیکٹر کی بہتری کیلئے اقدامات کاآغاز کیا اور پونے 3سال قبل جو پالیسیز بنائی گئی تھیں ان پر نیک نیتی سے عملدرآمد کے باعث اب ان کے شاندار نتائج حاصل ہونا شروع ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی صنعتی شعبہ کی تنظیموں کو آن بورڈ رکھا جا ئے گا تاکہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت و تعاون سے بہتر نتائج کا حصول ممکن ہوسکے۔

اس موقع پرچیئر مین آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن رانا اظہر وقار،سینئر وائس چیئر مین چوہدری جواد اکرام کاہلوں،وائس چیئر مین محمد اجمل قصوری،

چوہدری بشارت،صدرفیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری انجینئرحافظ احتشام جاوید،سینئر نائب صدر چوہدری طلعت محمود،سابق چیئر مین چوہدری محمد نواز،دیگر عہدیداران وممبران چوہدری خالد چیمہ، چوہدری احسان الحق،عمر فاروق کاہلوں،اعجاز ناگرہ،چوہدری شفیق،چوہدری جاوید بندیشہ،چوہدری خادم

 مان،سیکر ٹری طاہر مجید،سعید بھٹی،چیئر مین آل پاکستان سائزنگ انڈسٹری ھاجی شکیل انصاری،رانا خرم اخلاق،عامر رضا،اکرم واہلہ،خالد انصاری،معظم علی خان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔