وفاقی حکومت کی طرف سے پیش کئے گئے بجٹ سے جی ڈی پی کی گروتھ میں اضافہ ہو گا؛شاہ محمود قریشی

19

ملتان،12جون  (اے پی پی):وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے پیش کئے گئے بجٹ سے جی ڈی پی کی گروتھ میں اضافہ ہو گا۔نئے بجٹ میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے لئے 900 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔اس طرح گزشتہ سال کے مقابلے 43فیصد زیادہ فنڈز رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع ملتان کے لئے مختص ترقیاتی بجٹ کا ایک روپیہ بھی لیپس نہیں ہونے دیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس میں منعقدہ ڈسٹرکٹ کورآرڈینیشن کمیٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تمام صوبائی اور وفاقی محکمے نئے مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں پر علمدر آمد کے لئے یکم جولائی سے سٹارٹ لے لیں تاکہ منصوبے بروقت مکمل کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جو آفیسر کام نہیں کرے گا وہ ملتان میں نہیں رہے گا، پارلیمنٹیرین اور سرکاری افسران نے ایک ٹیم کی طرح کا کام کرنا ہے،اور ترقیاتی پروگرام کو عملی جامہ پہنانا ہے۔

 وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے وفاق اور صوبے کی سطح کے اختیارات کو ضلع کی سطح پر لے کے آنا ہے۔پالیمنٹیرین ترقیاتی منصوبوں میں صوبے اور وفاق کی سطح پر آنے والی رکاوٹوں کو دور کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔انہوں   نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اسی سال عوام کو نتائج دینے ہیں، میٹروپولیٹن کارپوریشن، ایم ڈبلیو ایم سی،واسا اور تحصیل کونسل مسائل کے حل کے لئے اقدامات تیز کر دیں۔

 انہوں نے  مزیدکہا کہ ہر پندرہ دن بعد ڈی سی سی کا اجلاس منعقد ہو گا اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت بارے بریفنگ ہو گی۔جو محکمے ٹارگٹ سے پیچھے ہونگے ان کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔

وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹراخترملک، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور محمد عامر ڈوگر، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری زین قریشی، ڈپٹی کمشنر علی شہزاد، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات پنجاب ندیم قریشی،ممبران صوبائی اسمبلی جاویداختر انصاری،سلیم لابر،وسیم خان بادوزئی،واصف راں اور سبین گل نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔