پاکستان آذربائیجان کے ساتھ تجارت ، دفاع ، ثقافت اور سیاحت میں تعلقات کو مزید تقویت دینا چاہتا ہے، صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی

26

اسلام آباد،04جون  (اے پی پی): صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ تجارت ، دفاع ، ثقافت اور سیاحت میں تعلقات کو مزید تقویت دینا چاہتا ہے، پاکستان آذربائیجان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ۔ ایون صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہارانہوں نے سپیکر آذربائیجان پارلیمنٹ پروفیسر  غفارووا  سے گفتگوکرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ تجارت ، دفاع ، ثقافت اور سیاحت میں تعلقات کو مزید تقویت دینا چاہتا ہے، پاکستان آذربائیجان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مذہب ، اقدار ، ثقافت  اور علاقائی اور بین الاقوامی امور پر مشترکہ خیالات کے حامل ہیں۔ صدر مملکت نے دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کے لئے اعلی سطح پر سیاسی ، ثقافتی اور معاشی وفود کے تبادلے پر زور دیا۔

 اس موقع پر سپیکر آذبائیجان نے کہا کہ اقتصادی ، سیاسی ، ثقافتی اور اسٹریٹجک سطح پر دونوں ممالک کے مابین روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔ دونوں ممالک کے عوام کے مابین روابط کے فروغ کیلئے ثقافتی تعلقات فروغ دینے کی ضرورت ہے۔  پروفیسر غفارووا نے کہا کہ آذربائیجان کے عوام اور سیاسی قیادت نگورنو کاراباخ پر حمایت کیلئے پاکستان کے شکرگزار ہیں۔ آذربائیجان کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا۔