چمکنی فائرنگ واقعے کی بنیادی وجہ دو فریقین کے درمیان زمین کا تنازعہ تھا۔ محمد زنیر، اے ایس پی چمکنی

21

پشاور، 22 جون(اے پی پی): پشاور کے علاقے چمکنی کی حدود میں فائرنگ کے واقعہ پر بیان دیتے ہوئے اے ایس پی چمکنی محمد زنیر نے کہا کہ واقعے کی وجہ تھانہ چمکنی کی حدود میں دو فریقین کے درمیان زمین کا تنازعہ تھا جس میں ایک فریق نے دوسرے کے گھر پر حملہ کرکے سات افراد کو قتل کردیا۔

فائرنگ واقعہ پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے اے ایس پی نے کہا کہ سی سی پی او اور ایس ایس پی آپریشن کی ہدایت پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف جگہوں پر چھاپے مارے اور اس دوران مشتبہ چار افراد کو حراست میں لیا ہے۔

اے ایس پی چمکنی نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مزید جگہوں پر بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں مگر کوشش جاری ہے کہ جلد ملزمان کو گرفتار کر لیں۔