انسدادپولیومہم کا آغاز، 2اگست سے 6اگست تک پنجاب کے 11اضلاع میں 94لاکھ سے زائد بچوں کو پولیوسے بچاؤ کیلئے قطرے پلائے جائینگے،ڈاکٹریاسمین راشد

34

 

لاہور،29 جولائی(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے سول سیکرٹریٹ کے دربارہال میں صوبائی ٹاسک فورس برائے انسدادپولیو کے اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں پولیوکے خاتمہ کیلئے تمام تروسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں،پولیوکے خاتمہ کیلئے تمام ترسٹیک ہولڈرزکومل کرکوشش کرنی ہوگی، 2اگست سے 6اگست تک پنجاب کے 11اضلاع میں بھرپورانسدادپولیومہم کا آغازکیاجارہاہے اور اس مہم میں لاہور،فیصل آباد،شیخوپورہ،راولپنڈی،رحیم یارخان،ملتان،راجن پور،ڈیرہ غازی خان،بہاول پور،مظفرگڑھ اوراوکاڑہ کے اضلاع شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے گیارہ اضلاع میں انسدادپولیومہم کے دوران 94لاکھ سے زائد بچوں کو پولیوسے بچاؤ کیلئے قطرے پلائے جائینگے اور ان گیارہ اضلاع میں انسدادپولیومہم کو کامیاب بنانے کیلئے پولیوورکرزکی تربیت مکمل کی جاچکی ہے، 2اگست سے شروع ہونے والی انسدادپولیومہم میں 27ہزار سے زائدپولیو ٹیموں کا 67ہزار سے زائدعملہ فرائض سرانجام دے گا، پولیوورکرزکو کوروناایس اوپیزکے حوالہ سے بھی تربیت دی گئی ہے، انسدادپولیو مہم کو کامیاب بنانے میں سب سے اہم کرداروالدین کا ہے والدین اپنے بچوں کو عمربھرکی معذوری سے بچانے کیلئے پولیوکے قطرے ضرورپلائیں، پاکستان بالخصوص پنجاب کو پولیو فری بنانے کا عزم رکھتے ہیں، پنجاب کی انتظامیہ صوبہ کوپولیوفری بنانے کیلئے متحداور کوشاں ہے، تمام اضلاع میں کمشنرزاور ڈپٹی کمشنرزانسدادپولیومہم کی خودمانیٹرنگ کریں، پنجاب میں کوروناویکسی نیشن کے ہدف کو بھی کامیابی سے حاصل کیاجارہاہے۔

اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ارم بخاری کا کہنا تھا کہ تمام کمشنرزاور ڈپٹی کمشنرز انسداد پولیومہم کا خود حصہ بنیں، ضلعی صحت انتظامیہ سے مل کر انسدادپولیومہم کوکامیاب بنایاجائے۔

نمائندگان یونیسف نے کہاپنجاب میں پولیوکے خاتمہ کیلئے وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشداور انتظامیہ کی کاوشوں کوسراہتے ہیں۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ارم بخاری،سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرسارہ اسلم، ایڈیشنل سیکرٹری سندس ارشاد اوریونیسف کے نمائندگان نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس کے دوران صوبہ میں پولیوکے خاتمہ کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا جس پر سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر سارہ اسلم اور ایڈیشنل سیکرٹری سندس ارشادنے وزیر صحت کو پولیوکے خاتمہ کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی اور یونیسف کے نمائندگان ودیگر سٹیک ہولڈرزنے اپنے خیالات کا اظہارکیا۔