اوکاڑہ،10جولائی(اے پی پی ):تعلیمی میدان میں اوکاڑہ کے طلباءوطالبات ہمیشہ تاریخی کامیابیوں سے ہمکنار ہوتے ہیں ان کا سہرا تعلیمی اداروں کےعلم دوست،قابل ترین اساتذہ کے سر پر جاتاہے جوطلبہ کوعلم کی روشنی سے منور کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار نجی گروپ آف کالجز ساہیوال ڈویژن کے ڈائریکٹر رائے مشتاق رضا نے نجی کالج کی جانب سے”سلام اے معمار قوم” کے حوالہ سے منعقدہ تقریب میں ضلع بھر کے تعلیمی اداروں کے سربراہان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ساہیوال حافظ شفیق، کنٹرولرشہزاد رفیق، سیکریٹری ساہیوال بورڈ میڈم رابعہ اختر،ڈائریکٹر کالجز مسعود فریدی،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز رائے ممتازعلی نے اساتذہ کو شیلڈز سے نوازا۔
تقریب کے آغاز میں پروفیسر نعمان فیصل نے کالج کی طرف سے طلباء وطالبات کے بہترین مستقبل کے لئے کوشاں ماہرین تعلیم کا تعارف اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لئے جاری مراعات کا ذکر کیا۔تقریب میں دو طالبات زہراکاشف اور زرمین کاشف نے صوفیانہ کلام پیش کیا جبکہ تقریب کی نقابت کے فرائض پروفیسر سلیم بودلہ نے ادا کئے۔











