اٹک؛ ممبر قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر صادق کی زیر صدارت مختلف عوامی امور کا جائزہ اجلاس

75

اٹک،10 جولائی  (اے پی پی): ضلع اٹک کے مختلف عوامی امور کے جائزے کے سلسلے میں ایک اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت کنوینر ضلعی رابطہ کمیٹی و ممبر قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر صادق نے کی۔ اس موقع پر شرکا ء کو ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کے متعلق بریف کیا گیا۔ ان سکیموں میں صحت،تعلیم، سڑکوں کی بحالی و مرمت سمیت دیگر منصوبو ں کا جائزہ  لیا گیا،مجموعی طور پر 1174  ترقیاتی سکیموں پر 20957  ملین روپے لاگت آئے گی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کنوینر ضلعی رابطہ کمیٹی و ممبر قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر صادق نے کہا کہ تمام ترقیاتی کام اعلیٰ معیار کے مطابق بروقت مکمل کیے جائیں اور ان کی رفتار کے بارے میں متعلقہ منتخب نمائندوں اور اعلیٰ حکام کو رپورٹ ارسال کی جائے۔انہوں نے کہا کہ مختلف سرکاری محکموں میں بھرتیوں کے وقت میرٹ کا خیال رکھا جائے اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتا نہ کیا جائے۔

انہوں نے منتخب سیاسی نما ئندوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی سکیموں کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیں اور ان کو بروقت مکمل کروایں تا کہ ضلع کی عوام ان ترقیاتی سکیموں سے مستفید ہوسکیں۔

ڈی پی او اٹک سیدخالد ہمدانی نے اجلاس کو ضلع اٹک میں امن و امان کے متعلق بریفنگ دی اور بتایا کہ ضلع بھر میں امن و امان کی مجموعی حالت بہتر ہے،شرکاء نے ضلع پولیس اٹک کی کارکردگی کو سراہا اور اطمینان کو اظہار کیا۔

اجلاس میں ممبر صوبائی اسمبلی ملک جمشید الطاف، ضلعی صدر پاکستان تحر یک انصاف قاضی احمد اکبر کے نمائندے شہزاد شاہ، وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصو صی برائے مو سمیاتی تبدیلی کے نمائندے ملک اعجاز خان،پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر اکبر خان تنولی،ڈی پی او اٹک سید خالد ہمدانی،ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شہریار عارف خان،سی ای او ایجوکیشن ملک محسن عباس،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر جواد الہٰی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔