بیلجیم اور لکسمبرگ میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ سفیر پاکستان کی ساتویں ورچوئل کھلی کچہری

31

اسلام آباد۔29جولائی  (اے پی پی):یوروپی یونین ، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے بیلجیم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ   ساتویں   آن لائن  کھلی کچہری   کا انعقاد کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ 5 بیلجیئن کوہ پیماؤں کا ایک گروپ سفارتخانہ پاکستان کی معاونت سے  اس وقت اپنی کوہ پیمائی مہم پر پاکستان میں موجود ہے ۔ انہوں نے   بیلجیئن  کوہ پیماؤں کو دنیا کی دوسری اور 12 ویں بلند ترین چوٹیوں کے ٹو اور براڈ پیک کو کامیابی کے ساتھ سر کر نے پر مبارکباد دی۔سفیرپاکستان نے  کہا کہ مقامی حکام کی جانب سے پابندیوں میں نرمی کی وجہ سے ،14 اگست کو یوم آزادی کی تقریب چانسیری میں منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیلجیم اور لکسمبرگ میں مقیم تمام پاکستانی رجسٹریشن کے ذریعے اس تقریب میں  شرکت کرسکتے ہیں۔ بیلجیم اور لکسمبرگ میں حالیہ تباہ کن سیلاب کا حوالہ دیتے ہوئے، سفیر پاکستان نے متاثرین سے تعزیت کی۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی ممبران کو  سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کی تلقین بھی کی ۔سفیرپاکستان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو وہیکل گفٹ سکیم سمیت حکومت پاکستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے اہل بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو دعوت دی کہ وہ اعلیٰ پیشہ ورانہ آسامیوں کے لیے درخواست دیں جو کہ ملک کے مختلف اداروں میں دستیاب ہیں۔  اس تقریب کا اہتمام وزیر اعظم عمران خان کے  بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کمیونیٹی کے ساتھ قریبی  رابطے  کو برقرار رکھنے کے وژن کی مناسبت سے کیا  گیا تھا ، تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں   کو بلا تعتل خدمات کی فراہمی  ممکن بنائی جا سکے۔ورچوئل کچہری  میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے کمیونٹی ممبران نے  بڑی تعداد میں شرکت کی، جن میں اکیڈمیا، پیشہ ور افراد، کاروبار، سماجی خدمات اور میڈیا کے نمائندے شامل ہوئے۔کمیونٹی ممبران نے سفارتخانے کی کوششوں اور موثر قونصلر خدمات کی فراہمی کو سراہا۔