پاکستان افغانستان کے ساتھ قریبی تعاون اور برادرانہ تعلقات کو برقرار رکھنے پر یقین رکھتا ہے،ترجمان دفتر خارجہ

14

اسلام آباد۔29جولائی  (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ قریبی تعاون اور برادرانہ تعلقات کو برقرار رکھنے پر یقین رکھتا ہے۔انہوں نے  کہا  کہ کابل میں پاکستانی سفیر عید اپنے اہل خانہ  کیساتھ منانے کیلئے پاکستان آئے ہیں ،ہم نے انہیں واپس طلب نہیں  کیا ،ہمارے کابل کے ساتھ سفارتی تعلقات  محدود کرنےکا کوئی منصوبہ نہیں ۔جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ بھارت نے  افغان امن عمل میں ہمیشہ  سپائیلر کا کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام تر توانائیاں افغانستان میں پائیدار امن اور تنازعہ کے پر امن حل کیلئے بروئے کار لانا چاہیئے۔ترجمان نے کہا کہ ایک وسیع البنیاد،جامع اور سیاسی تصفیے کیلئے کوششوں کی ضرورت ہے کیونکہ افغان تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور چین  افغان عوام اور حکومت کی سرپرستی میں امن ومصالحتی عمل میں سہولت کاری اور تعاون کیلئے پر عزم ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان ،افغانستان کیساتھ قریبی،تعاون پر مبنی اور  برادرانہ تعلقات برقرار رکھنے پر یقین رکھتا ہے اور کابل کیساتھ تعلقات  کو محدود کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ بعض عناصر کے منفی بیانات ، جو افغانستان کے عوام کی حقیقی طور پر نمائندگی نہیں کرتے ،بالخصوص  افغانستان میں جاری امن عمل کے اس موڑ پر اہم تعلقات پر منفی اثر ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔