بی آر ٹی بین الاقوامی معیار کا ایک بہترین اور کامیاب سفری منصوبہ ہے : وزیر مملکت زرتاج گل

18

پشاور،14جولائی  (اے پی پی):وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن پر قائم ہونے والی بی آر ٹی بین الاقوامی معیار کا ایک بہترین اور کامیاب سفری منصوبہ ہے جو پشاور کی عوام کیلئے ایک بنیادی اور اہم ترین ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ  کو بی آر ٹی پشاور میں شجر کاری مہم کا افتتاح کرتے ہو ئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جہاں بی آر ٹی شہریوں کو ایک بہترین سفری سہولت فراہم کر رہی ہے وہیں اس کے اجرا ءسے صوبائی دارالحکومت کے ماحول پر ایک مثبت اثر آیا ہے جس میں بی آر ٹی میں چلنے والی ہائبریڈ بسیں اور زو بائسئیکل شیرینگ سسٹم کا کلیدی کردار ہے۔انہوں نے کہاکہ بی آر ٹی پشاور ملک کے دیگر سفری منصوبے سے مختلف اور منفرد پراجیکٹ ہے، اس پر بے جا اور بغیر تحقیق تنقید کرنے والوں سے کہتی ہوں کہ آئیں اور اس میں سفر کریں اور اس پراجیکٹ کا موازنہ موجودہ چلنے والی دیگر میٹروز سے کریں، بی آر ٹی پشاور کی وجہ سے سالانہ 31000ٹن آلودگی میں کمی آئی ہے جوقابل تحسین ہے۔

زرتاج گل نے کہا  کہ بی آر ٹی پراجیکٹ کی بدولت شہریوں کو شہر میں چلنے والی پرانی بسوں اور ویگنوں سے بھی چھٹکارا حاصل ہوا اور 3000سے زائد نوکریاں دی گئیں ،بالخصوص خواتین کو بی آر ٹی کے ہر شعبے میں کام کرنے کے مواقع ملے۔انہوں نے کہا کہ تنقید کرنا بہت آسان ہے جبکہ حقائق اس کے برعکس ہیں، میں تمام جماعتوں کو دعوت دیتی ہوں کے آئیں اور اس میں سفر اور موازنہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے ویژن کے عین مطابق شجرکاری مہم کو مزید تقویت دی جارہی ہے اور پشاور سمیت پورے ملک میں شجرکاری کی جارہی ہے۔

 وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سمیت ٹرانس پشاور حکام کی جانب سے بی آر ٹی بس میں سفر بھی کیا گیا۔اس موقع پر وزیر مملکت کو بی آرٹی کے آپریشنل ڈھانچے سمیت آپریشن اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور ٹرانس پشاور کے مرکزی دفتر میں قائم کنٹرول روم کا دورہ بھی کرایا گیا۔

 بعد ازاں وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کی جانب سے بی آر ٹی مرکزی دفتر کے احاطے میں پودے بھی لگائے گئے۔اس موقع پر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمدوزیر، سی ای او ٹرانس پشاور فیاض احمد خان بھی موجود تھے۔