حکومت پنجاب کی ہدایت پر خدمت آپکی دہلیز پر پروگرام فیز2 کے ہفتہ شجرکاری کا شاندارآغاز کردیا گیا۔پی ایچ اے نے پارکو ٹوٹل کے تعاون سے پیپل کے تیار درخت لگائے

34

ملتان 12 جولائی )اے پی پی ): حکومت پنجاب کی ہدایت پر خدمت آپکی دہلیز پر پروگرام  فیز2 کے ہفتہ شجرکاری کا شاندار آغاز کردیا گیا۔پی ایچ اے نے پارکو ٹوٹل کے تعاون سے پیپل کے تیار درخت لگائے۔

کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود نے سول سوسائٹی کے افراد کیساتھ ملکر قلعہ کہنہ قاسم باغ پر پیپل کے 27 تیار درخت لگا کر شجرکاری ہفتہ کا آغاز کیا گیا.اس موقع پر کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ پی ایچ اے کو ہفتہ میں 15ہزار سے زائد تیار درخت لگانے کا ٹاسک دیا گیا ہے جس میں 5 مائیاواکی جنگل بھی لگائے جارہے ہیں۔ ڈویژن بھر میں ہفتہ شجرکاری میں ہزاروں کی تعداد میں پودے لگائے جائیں گے اور خدمت آپکی دہلیز پر شجرکاری ہفتہ میں پنجاب بھر میں ملتان ٹاپ پوزیشن حاصل کرے گا۔ کمشنر ملتان جاوید اختر محمود نے کہا کہ شجرکاری مہم صرف مہم نہیں جنون ہے، شہر کا درجہ حرارت کم کرنا خواب ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کے وژن، وزیراعلی سردار عثمان بزدار کی قیادت میں گرین پاکستان کو کامیاب بنائیں گے۔پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات ندیم قریشی نے کہا کہ ملتان میں بڑے پیمانے پر شجرکاری دیکھ کر دل خوش ہوجاتا ہے۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اس خطے کی ترقی کے خواہاں ہیں۔شجرکاری مہم وزیراعظم عمران خان کے دل کے بہت قریب ہے اور وہ واحد وزیر اعظم ہیں جنہوں نے ماحولیاتی تبدیلی پر بات کی اور اس سے نمٹنے کیلئے عملی اقدامات کئے۔

 اس موقع پر چئیرمن پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ نے کہا کہ گرد،گرما کی دھرتی کو پھولوں،درختوں کی سرزمین بنانے کیلئے پی ایچ اے سرگرم۔ہے۔پی ٹی آئ حکومت نے شجرکاری مہم کا قومی پالیسی کا حصہ بنایا۔ وائس پریزیڈنٹ ٹوٹل پارکو حسن نصر اللہ نے بتایا کہ ٹوٹل پارکو نے پی ایچ اے کو پیپل کے 270 تیار درخت فراہم کئے۔کمشنر ملتان کی سفارش پر ٹوٹل پارکو گرین ملتان کیلئے 600 پیپل کے تیار درخت فراہم کررہا ہے۔شہر کی بہتری کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کا ملکر کام کرنا خوش آئند ہے۔ ڈی جی پی ایچ اے شفقت رضا نے کہا کہ شجرکاری کیساتھ پودوں کی حفاظت کا بھرپور میکانزم بھی تیار کیا گیا ہے۔ شہر میں پیپل، مولسری، پلکن، املتاس اور دیگر لوکل اجناس کے 6000 سے زائد تیار درخت لگائے جاچکے ہیں۔

شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے شہریوں کو آگے بڑھ کر اونرشپ لینا ہوگی۔ اس موقع پر سبین ضیا خالد، ذیشان حمید،عنمبرین سپرا بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر شجرکاری مہم کو کامیابی سے آگے بڑھانے پر کمشنر ملتان جاوید اختر محمود، چئیرمن پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ، صدر چیمبر آف کامرس خواجہ صلاح الدین، ڈی جی پی ایچ اے شفقت رضا، اور مہم کی بھرپور آگہی پر ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن ارم سلیمی، فوٹو گرافر ڈی جی پی آر انور اقبال، اور صحافیوں میں سونئیر تقسیم کئے گئے۔

بعد ازاں ولایت حسین کالج میں کمشنر نے طلباء و طالبات کیساتھ 130 پیپل پلکن کے درخت لگائے۔

انہوں نے کہا کہ نسل نو خوش قسمت ہے، ملک کا سربراہ ماحولیاتی آلودگی بارے فکر مند ہے اور ماحولیاتی آلودگی سے نبرد آزما ہونے کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔چئیرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ، ڈی جی شفقت رضا،پرنسپل ولایت حسین کالج اعجاز احمد شیخ بھی موجود تھے۔پی ایچ اے اور چیمبر آف کامرس نے ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی عمارت میں بھی شجرکاری کی۔اس موقع پر صدر ملتان چیمبر آف کامرس خواجہ صلاح الدین نے کہا کہ ملتان چیمبر آف کامرس نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کرشجرکاری جیسے کارخیر میں حصہ ڈالا ہے۔

چیمبر کی شجرکاری مہم  میں شمولیت تاجربرادری کی وزیر اعظم کے گرین وژن کی بھرپور حمایت کی عکاس ہے۔کلین،گرین پاکستان کےحصول میں عوامی نجی شراکت داری کامیابی کی ضمانت ہے۔