سکھر،07جولائی(اے پی پی): محکمہ پولیس سکھر میں بھرتیوں کیلئے ٹیسٹ،سفارشی امیدواروں کو پہلی صف میں کھڑا کرنے پر دیگر امیدوار سراپا احتجاج ،احتجاج کرنے والے امیدواروں پر پولیس کا لاٹھی چارج ،کئی امیدوار بے ہوش ہوگئے، احتجاج کے باعث ٹریفک کی آمد ورفت معطل ۔
سکھرکے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس کے دفتر میں پولیس میں بھرتیوں کے لیے ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں اندرون سندھ کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں امیدواروں نے شرکت کی۔ ٹیسٹ سے قبل اس وقت ناخوشگوار صورتحال پیدا ہوگئی جب اے آئی جی آفس کے مرکزی گیٹ پر امیدواروں نے ایک دوسرے سے پہلے داخل ہونے کی کوشش کی جس پروہاں پر موجود پولیس اہلکاروں نے امیدواروں پر لاٹھی چارج شروع کردیا پولیس کی جانب سے لاٹھیاں لگنے سے کئی امیدوار بےہوش ہوگئے۔
امیدواروں نے الزام عائد کیا کہ پولیس اہلکار ہمیں چھوڑ کر اپنے من پسند امیدواروں کو اندر چھوڑ رہے تھے جس پر ہم لوگوں نے احتجاج کیا تو ڈیوٹی پر موجود اہلکار مشتقل ہوگئے اور ہم پر لاٹھی چارج شروع کردیا جو سراسر ظلم و زیادتی ہے۔ امیدواروں نے بالا حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے دوسری جانب احتجاج کے باعث ٹریفک کی آمد ورفت معطل ہوگئی ۔











