سیالکوٹ،25 جولائی (اے پی پی ): آزاد جموں و کشمیر کے حلقہ ایل اے36جموں 3سیالکوٹ کے آج ہونے والے انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے، پولنگ بغیر کسی وقفہ کےصبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
آزاد جموں و کشمیر کے حلقہ ایل اے36جموں 3سیالکوٹ میں ٹوٹل ووٹرز کی تعداد93369ہے جن میں خواتین ووٹرز کی تعداد38203ہے جبکہ مرد ووٹوں کی تعداد 55166ہے۔ حلقہ بھر میں مجموعی طور پر 138پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں مردوں کے لیے15اورخواتین کے لیے 15سٹیشن بنائے گئے ہیں جبکہ 108 مشترکہ پولنگ سٹیشن قائم کیےگئے ہیں۔
مذکورہ حلقہ سے حکومتی جماعت پاکستان تحریک کے نامزد امیدوار سابق وزیر مذہبی امور حکومت آزاد جموں و کشمیر صاحبزادہ حامد رضا ہیں جبکہ مسلم لیگ(ن) کی جانب سے چودھری محمد اسحاق امیدوار ہیں،دیگر 10امیدوار بھی آج ہونے والے الیکشن میں قسمت آزمائی کریں گے۔
تمام پولنگ سٹیشنز میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔











