صوبے کے چھ ہسپتالوں کی تزئین و آرائش اور تعمیرنو کے لیے خیبرپختونخوا حکومت اور (IDAP) کے مابین معاہدے پر دستخط

8

پشاور، 30جولائی(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور جھگڑا نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے پنجاب حکومت کو صحت کارڈ پلس منصوبے کے معاملے پر معاونت فراہم کرنے کا اعلان کردیا ہے، اور اب خیبرپختونخوا حکومت نے 32 ہسپتالوں میں لگ بھگ پندرہ (15) ارب روپے کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے جسکے پہلے فیز میں چھ ہسپتالوں پر کام شروع ہوگا۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کیساتھ صوبے کے چھ ہسپتالوں کی تزئین و آرائش اور تعمیرنو کے لیے معاہدہ پر دستخط کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

اس معاہدے کے تحت پہلے مرحلے میں چھ ہسپتالوں میں کام شروع کیا جائے گا جن میں پشاور کے مولوی جی ہسپتال اور نصیراللہ بابر ہسپتال شامل۔ اس کے علاوہ ڈی ایچ کیو چارسدہ، ڈی ایچ کیو کرک، ڈی ایچ کیو ہری پور اور ڈی ایچ کیو ایبٹ آباد شامل ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے شروع کردہ صحت کارڈ پلس پروگرام سے جون 2020 سے لیکر اب تک 250,000 سے زائد مریض مستفید ہوچکے ہیں اور اب اس منصوبے کے باعث پرائیویٹ سیکٹر کو بھی فروغ ملا اور اب تمام لوگ کسی بھی پرائیویٹ یا سرکاری ہسپتال میں اپنا علاج کرواسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے اس مالی سال کے دوران Infrastructure Development Authority, Punjab (IDAP) کی طرز پر ایک نیا ادارہ خیبرپختونخوا میں بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو صوبے کے تمام ہسپتالوں کی تعمیر اور مرمت کا کام کرے گا۔