اوکاڑہ؛وزیر اعظم سرسبز پاکستان پروگرام کے تحت گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج حویلی لکھا میں مون سون شجرکاری مہم کاآغاز

41

 

اوکاڑہ،30جولائی(اے پی پی):گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج حویلی لکھا میں وزیر اعظم پاکستان کے پروگرام سرسبز پاکستان کے تحت  مون سون شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد خاں وٹو، ڈائریکٹر کالجز ساہیوال ڈویژن مسعود فریدی، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز اوکاڑہ رائے ممتاز علی، پرنسپل منیب خان لودھی سمیت دیگر سٹاف نے بھی پودے لگائے۔

 اس موقع پرسابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے پاکستان کو سرسبز وشاداب،خوبصورت  بنانے کے لئے چلائی جانے والی مون سون شجرکاری مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی بہتری کے لئے  ناصرف حکومت پاکستان، حکومت پنجاب بلکہ اپوزیشن سمیت تمام پاکستانیوں کو شجرکاری مہم میں شامل ہونا چاہیئے۔

ڈائریکٹر کالجز ساہیوال ڈویژن مسعود فریدی نے کہا کہ ہمیں کلین اینڈ گرین شجرکاری مہم میں عبادت سمجھ کر  حصہ لینا چاہیئے، پودے ماحول کی خوبصورتی کا سبب ہیں۔پرنسپل کالج منیب خان لودھی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن سرسبز پاکستان کو کامیاب بنانے کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔

آخر میں ڈائریکٹر کالجز نے مون سون شجرکاری مہم کی کامیابی، ملک سلامتی اور استحکام کے لئے دعاکی۔