پاکستان میں بچیوں سے زیادتی کے واقعات کی مدعی پہلی بار حکومت پاکستان بن رہی ہے، وزیر مملکت زرتاج گل

70

اسلام آباد۔30جولائی  (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ پاکستان میں بچیوں سے زیادتی کے واقعات کی مدعی پہلی بار حکومت پاکستان بن رہی ہے، اسلام آباد میں 14 سال سے کم عمر بچہ کسی گھر میں کام کر رہا ہے تو اس کی اطلاع 8090 ہیلپ لائن پر دی جائے، پولیس پانچ منٹ میں مدد کے لئے پہنچ جائے گی۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں نور مقدم اور رائے ونڈ میں مسیحی بچی کے ساتھ پیش آنے والے واقعات پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر مملکت زرتاج گل وزیر نے کہا کہ افسوسناک واقعات پر ہم سب ایک ہیں۔ پاکستان میں اس طرح کے جرائم پر تاریخ میں پہلی مرتبہ ان کی ان کی مدعی حکومت بن رہی ہے۔ پہلی مرتبہ وفاقی حکومت نے پی ایس ڈی پی میں اینٹی ریپ کے لئے 100 ملین رکھے ہیں۔ اسلام آباد میں جو واقعہ ہوا بدقسمتی سے ہمسایوں سمیت اس بچی کی چیخیں کسی نے نہیں سنیں۔ آئی جی اسلام آباد کے ماتحت ایک جینڈر پروٹیکشن یونٹ قائم ہے۔ اسلام آباد میں اگر 14 سال یا اس سے کم بچہ کسی کے گھر میں کام کر رہا ہے تو اس کی 8090 ہیلپ لائن ہے اس پر اطلاع دی جائے تو چار سے پانچ منٹ میں پولیس کی مدد پہنچ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اینٹی ریپ لاء میں وزیراعظم کے حکم پر خاتون کے پردے کا خاص خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی اندھا کیس نہیں ہے تمام مجرم گرفتار ہیں۔ ان واقعات کی مدعی حکومت پاکستان ہے۔