وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا معروف صحافی عارف نظامی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

15

اسلام آباد ، 21جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے معروف صحافی عارف نظامی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عارف نظامی کی رحلت سے پاکستان کی صحافت کا ایک بڑا باب بند ہو گیا ہے، مرحوم سی پی این کے صدر اور پاکستان کی صحافت کا ایک لازمی حصہ تھے، صحافتی حلقوں میں انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔

بدھ کو اپنے ویڈیو بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مرحوم عارف نظامی کا انتقال صحافت کے لئے بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ عارف نظامی کے ساتھ ہمارا ذاتی تعلق تھا، ان کے والد حمید نظامی نوائے وقت کے بانی تھے، نوائے وقت کا پاکستان کی تحریک آزادی میں صف اول کا کردار تھا۔ انہوں نے کہا کہ میرے دادا چوہدری اویس اور تایا چوہدری الطاف بھی تحریک آزادی کے اہم اور سرگرم کارکن تھے۔ان کی حمید نظامی صاحب سے گہری دوستی تھی۔ انہوں نے کہا کہ عارف نظامی  کے ساتھ وہی تعلق برقرار رہا، ان کو ہمیشہ ہم نے اپنے خاندان کے بزرگ کے طور پر دیکھا۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کی پوری صحافتی برادری بالخصوص مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ خد انہیں غریق رحمت کرے۔