لاہور؛کورونا ایس او پیز سے آگاہی اور ان  کی اہمیت کو اجاگر کرنے  کیلئے  سائیکلنگ کے نمائشی مقابلوں کا انعقاد

8

 

لاہور، 11 جولائی ( اے پی پی): کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے کورونا ایس او پیز سے آگاہی اور ان  کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے لاہور میں سائیکلنگ کے نمائشی مقابلوں کا انعقاد کروایا جس میں شرکاء نے بڑی تعدادمیں ماسک پہن کر حصہ لیا۔ شرکا کے لئے رجسٹریشن ڈیسک قائم کیا گیا اور سائکلسٹس کا کووڈ ویکسینیشن ڈیٹا بھی چیک کیا گیا،سائیکلنگ مقابلوں میں سائیکلسٹ کی چار کیٹیگریز میں مقابلے ہوئے،اس دوران لبرٹی چوک مین بلیوارڈ ماسک پہنئیے مہم کے سٹیمرز بینرز اور بورڈز سے سج گیا، سائکلنگ مقابلوں میں پروفیشنل سائیکلسٹ مردوخواتین اور بچے بھی شریک ہوئے۔

 اس موقع پر کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے کہا کہ لاہور ویئرز ماسک مہم قومی اور بین الاقوامی ریسرچ اداروں کی تحقیق پر مبنی ہے اور لاہور ویئرز ماسک پروگرام کے تحت شہریوں کی آگاہی کے متعدد ایونٹس ہونگے ،ہر گھر ،مسجد، چرچ، مارکیٹ اور پبلک مقامات تک ماسک پہنچائے جارہے ہیں کیونکہ ویکسینیشن کے بعد ماسک پہننا کووڈ سے بچاؤ کا بہترین ہتھیار ہے۔انہوں  نے کہا کہ  نیو انڈین ڈیلٹا کووڈ وائرس تشویش ناک ہے جس سے نمٹنے کیلیے انتظامات مکمل ہیں ، بیرون ممالک جانیوالے افراد کیلئے مخصوص ویکسینز کا بھی حکومت نے وافر انتظام کر رکھا ہے۔

 لاہور ویئرز ماسک آگاہی مہم میں لوگوں کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے کمشنر لاہور کا کہناتھاکہ ہم مزید لاک ڈاؤن کے متحمل نہیں لیکن اگر غفلت کی گئی تو سخت فیصلے کرنے ہونگے، بچوں اور شہریوں نے سخت گرمی کے باوجود ماسک پہن کر مقابلوں میں شرکت کی ہے کیونکہ یہی وقت کا تقاضا اور ہمارا قومی مفاد ہے۔