اسلام آباد ، 14 جولائی (اے پی پی ): وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کا نیا ماسٹر پلان بنانے کی ضرورت ہے ،ماحولیاتی آلودگی سے بچنے کے لیے اسلام آباد کو گرین سٹی بنانا ہے۔
بدھ کو یہاں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ 20 سالوں میں شہر میں درختوں کی تعداد اور سرسبز علاقے میں تیزی سے کمی ہو رہی ہے، تعمیرات میں بہت اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرانے ماسٹر پلان کی جگہ نیا ماسٹر پلان بنانے کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ گرین ایریاز کو بچانے کی کوشش کی جائے اور تمام خالی جگہوں اور مقامات پر شجر کاری کی جائے ۔اسلام آباد کی پہچان اس کا محل وقوع ، سبزہ و شادابی اور خوبصورت موسم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں لندن جتنی بارشیں ہوتی ہیں، اسلام آباد میں موسم برسات کی شجر کاری پورے ملک کے لئے مثال ہونی چاہیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دبئی اور مشرق وسطیٰ جیسے ممالک کی نسبت اسلام آباد میں شجرکاری باآسانی ہو سکتی ہے ۔انہوں نے نئے ماسٹر پلان میں گرین ایریاز خالی جگہوں پر شجرکاری ، ٹریفک کامسئلہ حل کرنے اور قبضہ گروپوں کے خلاف اقدامات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ۔











