لاہور26جولائی (اے پی پی ) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مریم نواز ہوش کے ناخن لیں،آزاد کشمیر الیکشن کے نتائج قبول کریں، عوام نے ن لیگ کے نفرت آمیز بیانیے کو زمین بوس کر دیا۔
ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے آج ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کل کے نتائج نے ثابت کر دیا کہ عمران خان کشمیری عوام کے دلوں میں بستے ہیں اور وہ انہیں اپنا مسیحا تسلیم کرتے ہیں۔ ووٹ کو عزت دو کا دعویٰ کرنے والوں نے کشمیر کے پہاڑوں پر نوٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا اور کشمیریوں کے انکار پر دھاندلی کا رونا شروع کردیا۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم آزاد کشمیرن لیگ کا تھااور اس کی قیادت میں الیکشن کمیشن نے جو قوانین بنائے جس پر ہمارے تحفظات تھے۔ کیونکہ دو حلقوں سے موجودہ وزیر اعظم الیکشن لڑ رہاتھا اور تمام سرکاری وسائل کو انتخابی مہم میں استعمال کررہا تھا۔وزیراعظم آزاد جموں کشمیر جب سرکاری گاڑیوں سے خود نمائندہ کے طورپرمہم چلا رہا ہو تو دھاندلی کیسے ہوگئی۔کشمیر میں ہمارا کوئی اہلکار تعینات نہیں اورپریزائیڈنگ آفیسر سے لے کر پولنگ کا تمام سٹاف آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت کے پے رول پہ تھا تو وفاقی حکومت الیکشن کیسے چوری کر سکتی ہے۔











