آزاد کشمیر کا وزیر اعظم کا بینہ سمیت تمام سرکاری وسائل کو انتخابی مہم میں استعمال کررہا تھا، وفاقی حکومت الیکشن کیسے چوری کر سکتی ہے، فردوس عاشق اعوان

30

لاہور26جولائی (اے پی پی ):  معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے آزاد کشمیر کا وزیر اعظم  کا بینہ  سمیت تمام سرکاری وسائل کو انتخابی مہم میں استعمال کررہا تھا، وفاقی حکومت الیکشن کیسے چوری کر سکتی ہے ۔وزیراعظم آزاد جموں کشمیر جب سرکاری گاڑیوں سے خود نمائندہ کے طورپرمہم چلا رہا ہو تو دھاندلی کیسے ہوگئی۔کشمیر میں ہمارا کوئی اہلکار تعینات نہیں اورپریزائیڈنگ آفیسر سے لے کر پولنگ کا تمام سٹاف آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت کے پے رول پہ تھا تو وفاقی حکومت الیکشن کیسے چوری کر سکتی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے آج ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ۔ معاون خصوصی نے کہاکہ کشمیریوں نے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کا فیصلہ کرکے مودی کے رشتہ داروں کو کشمیر سے باہر پھینک دیاہے۔جعلی راجکماری  اپنے پاؤں کلہاڑی پر مار رہی ہیں کیونکہ کشمیریوں نے اُن کی جڑیں کاٹ دی ہیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ کہیں کسی ایک جگہ پر دھاندلی کا ثبوت ہے توسامنے لائیں۔ الیکشن کمیشن ان کا لگایا ہوا ہے، دھاندلی کا کھرا وزیراعظم آزاد کشمیر تک جائے گا۔ مریم تین میں نہ تیرہ میں ہیں۔ان کی نہ گھرمیں کوئی سنتا ہے اورنہ جماعت میں۔انہوں نے کہاکہ جعلی راجکماری سیالکوٹ الیکشن چوری کرنے گئی تھی، کارنر میٹنگ کرکے واپس آ گئی۔