ملتان،20 جولائی (اے پی پی): عید قربان کے حوالے سے واسا کافراہمی و نکاسی آب کے انتظامات کا سلسلہ جاری۔ سیوریج،واٹر سپلائی،ڈسپوزل اسٹیشنز ڈویژنوں کی عید کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ تمام آپریشنل سٹاف بمعہ مشینری کو اپنی اپنی حدود میں ڈیوٹی پر موجود رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ایم ڈی واسا ناصر اقبال کیجانب سے شب بھر نکاسی آب سے متعلق شکایات کی خصوصی مانیٹرنگ کی گئی ہے۔انہوں نے شاہین آباد،شریف پورہ،سمن آباد، گلبرگ کالونی ،مچھلی مارکیٹ کا دورہ بھی کیا اور سمیجہ آباد ڈسپوزل سٹیشن کی ورکنگ کو بھی چیک کیا گیا اور سیوریج سب ڈویژنوں کو شکایات کا فوری ازالہ کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ناصر اقبال نے کہا کہ شہری بھی بڑی عید پر بڑی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور قربانی کے جانوروں کی آلائشیں سیوریج سسٹم میں مت ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ سیوریج سسٹم بند ہونے کی فوری اطلاع 1334 پر دیں
کمپلینٹ سیل میں درج ہونے والی تمام شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے گا، واسا کی ٹیمیں شہریوں کی خدمت کیلئے 24گھنٹے کوشاں ہیں۔











