پشاور، 14جولائی(اے پی پی): خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، انتخابات، دیہی ترقی و پارلیمانی امور اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں پی ٹی آئی حکومت کا تاریخ ساز اور عوام دوست منصوبہ ہے جس کی بدولت روزگار کے لاکھوں براہ راست اور بالواسطہ مواقع پیدا ہونے کے علاؤہ ملک بھر میں لاتعداد مقامی صنعتیں جنم لینے کو ہیں لہٰذا اس قومی منصوبے کی کامیابی کیلئے صوبائی حکومتوں کا تعاون بھی اتنا ہی ضروری ہے۔
یہ ہدایت انہوں نے اپنے دفتر لوکل گورنمنٹ سیکرٹریٹ پشاور میں لوکل اربن ایریا ڈویلپمنٹ بورڈ کے تیسرے اجلاس کا صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے تمام اربن ایریا ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ ہر چھوٹے بڑے شہر کے گردونواح میں اس میگا سکیم کیلئے درکار اراضی کی ہنگامی بنیادوں پر نشاندھی اور بندوبست کریں۔
اکبر ایوب خان نے مردان، ایبٹ آباد، ڈیرہ اسماعیل خان اور صوابی سے سکیم کیلئے اراضی کی بروقت نشاندھی کرنے والی اتھارٹیز کی تعریف کی جبکہ بنوں، کرک، کوہاٹ، مانسہرہ اور سوات کی اتھارٹیز کو بھی اپنی کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگلے اجلاس میں تمام اتھارٹیز کی طرف سے نمایاں پیشرفت نظر آنی چاہیے تاکہ اسے جلد متعلقہ ادارے کے حوالے کرکے تعمیراتی کام کا آغاز کیا جائے اس ضمن میں حکام وضاحتوں اور بلند بانگ دعوؤں کی بجائے ایکشن دکھانا ہے جہاں ریاستی اراضی کا بندوبست نہ ہو سکے وہاں شئیرنگ فارمولا بھی استعمال کیا جا سکتا ہے تاہم اس ضمن میں ماڈل ایم او یو سامنے لانا بھی ضروری ہے۔
اجلاس میں 9 اتھارٹیز کے نظرثانی شدہ بجٹ جبکہ دیر اور چترال ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو محکمہ سیاحت کے حوالے کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
وزیر بلدیات نے امید ظاہر کی کہ دو اتھارٹیز کو ٹورازم کی تحویل میں دینے سے ان سیاحتی مقامات پر سیاحت زیادہ ترقی کرے گی اور دونوں شہروں کو ورلڈ ٹورازم کیلئے پرکشش بنایا جائے گا۔
انہوں نے ممبران کے اتفاق رائے سے پشاور ترقیاتی ادارہ کے پلاٹ نیلامی قوانین کی طرز پر اتھارٹیز کیلئے بھی بنائے گئے آکشن لاز کی اصولی منظوری دیتے ہوئے انہیں حتمی شکل دینے کیلئے رکن صوبائی اسمبلی بابر نسیم خان کی سربراہی میں آکشن کمیٹی تشکیل دی جس میں سپیشل و ایڈیشنل سیکرٹریز بلدیات و ایم ڈی مردان ڈویلپمنٹ اتھارٹی بطور ممبران چنے گئے۔ بجٹ جائزہ کیلئے رکن صوبائی اسمبلی فیصل امین کی زیر سربراہی کمیٹی بھی قائم کی گئی۔
وزیر بلدیات نے نئے ٹاؤن شپس کے قیام و توسیع سے متعلق تجاویز پر واضح کیا کہ حکام تجاویز و سفارشات پر مزید وقت ضائع کرنے کی بجائے صوبائی حکومت کو عملی کام دکھائیں جسے ہر سطح پر سراہا بھی جائے گا۔
اجلاس میں سپیشل سیکرٹری بلدیات معتصم بااللہ شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ عنایت اللہ وسیم اور اتھارٹیز کے سربراہان کے علاؤہ بورڈ میں شامل متعلقہ شہروں کی نمائندگی کرنے والے وزراء و ارکان اسمبلی نے شرکت کی۔











