اسلام آباد،30جولائی (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمدالمالکی نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی ہے ، ملاقات کے دوران سعودی سفیر نے وزیراعظم عمران خان کو ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے اکتوبر 2021 میں سعودی عرب کی میزبانی میں مڈل ایسٹ گرین انیشی ایٹو کے موضوع پر ہونے والے سربراہ اجلاس میں شرکت کےلئے باضابطہ دعوت دی۔
واضح رہے کہ سعودی ولی عہد کی جانب سے مڈل ایسٹ گرین انیشی ایٹو کا اعلان رواں سال کے آغاز میں کیاگیا تھا ، جو وزیراعظم پاکستان کے کلین و گرین پاکستان اور 10 ارب سونامی ٹری منصوبے سے مطابقت رکھتا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب ماحولیات میں تبدیلی سے متعلق اپنی حکمت عملی میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے لئے بھی ایک دوسرے سے قریبی تعاون کررہے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کو اس سربراہ اجلاس میں دی جانے والی دعوت ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے پاکستان کے قائدانہ کردار کا اعتراف ہے۔