ہمیں اپنی روایات کے مطابق بچوں کا خیال کرنا ہوگا، عورتوں کے متعلق  جرائم کا سپیڈی ٹرائل ہونا چاہئے، حافظ  طاہر محمود اشرفی 

31

اسلام آباد۔26جولائی  (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی  حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی روایات کے مطابق بچوں کا خیال کرنا ہوگا، عورتوں کے متعلق  جرائم کا سپیڈی ٹرائل ہونا چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی روایات کے مطابق بچوں کا خیال کرنا ہوگا، نور مقدم ہماری بچی ہے،  ملزم کو سرعام سنگسار کیا جائے یا سب کے سامنے سزا دی جائے، اسلام نے بیٹی اور عورت کو سر کا تاج بنایا ہے پائوں کی جوتی نہیں، نبی کریم ۖ کی آمد کا ایک مقصد عورتوں کو عزت دینا تھا۔ انہوں نے کہا کہ (آج) منگل کو سعودی عرب کے وزیر خارجہ وفد کے ہمراہ پاکستان آ رہے ہیں، دورہ پاک سعودی عرب تعلقات کے مضبوط ہونے کی عظیم دلیل ہے، رواں سال عمرہ کھولنے اور حج کے بہترین انتطامات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ نے 39 سال بعد عراق اور  دس سال بعد مصر کا دورہ کیا، سعودی عرب میں ملازمت کرنے والوں کا مسئلہ بھی جلد حل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں 14 نکاتی ضابطہ اخلاق پر عمل کرایا جائے گا، اپنے مسلک کو چھوڑو نہیں دوسرے مسلک کو چھیڑو نہیں، کسی اقلیت کو ملک میں نشانہ نہیں بنایا گیا، ملک بھر کے دورے کرکے بین المسالک ہم آہنگی پیدا کرینگے، کوئی مسلک دوسرے کے مقدسات کے خلاف کوئی اقدام نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کےحقوق کی پاسداری سب پر لازم ہے، خواتین کو وراثت میں حق دینا شرعی حکم ہے، خواتین کو قتل کرنے والوں کے اہلخانہ کو ان سے اظہار لاتعلقی کرنا چاہیے، ہمیں اپنی بیٹیوں کو اعتماد دینے کی ضرورت ہے، اسلام آباد کے دو واقعات نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے، ریاست مظلوموں کیساتھ کھڑی ہے، نظام عدل میں تبدیلی کی ضرورت ہے، معاشرے کو ایسے واقعات کے خلاف کھڑے ہونے کی ضرورت ہے، آئندہ جمعہ کے خطبات میں اس حوالے سے گفتگو بھی ہوگی۔