لاہور،26جولائی (اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ہیڈ آفس آمد ،مون سون سیزن اور ممکنہ سیلاب کی صورتحال کی مانیٹرنگ کیلئے قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کنٹرول روم کے ذریعے موسم اور دریاؤں کی صورتحال کے حوالے سے معلومات کے حصول کے جدید نظام کا مشاہدہ کیااور موسم کی پیشگی اطلاعات کے سسٹم کا معائنہ بھی کیا جبکہ پی ڈی ایم اے کے ڈیش بورڈ کا بھی جائزہ لیا اور موسم کی صورتحال کے بارے میں اپ ڈیٹ حاصل کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس ہوا ۔اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مون سون سیزن اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے اور امدادی سرگرمیوں کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ نےپی ڈی ایم اے کو ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ موسم کی صورتحال کے ساتھ دریاؤں میں پانی کی آمد و اخراج کو تسلسل کے ساتھ مانیٹر کیا جائے، پی ڈی ایم اے میں قائم کنٹرول روم صورتحال پرنظر رکھے،کسی بھی نا گہانی صورتحال میں متعلقہ محکموں اور ادارے اپنا ہنگامی پلان بھی تیار رکھیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ متعلقہ وفاقی و صوبائی محکموں کے درمیان بہترین کوآرڈینیشن یقینی بنائی جائے، اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لئے تمام انتظامات جلد مکمل کئے جائیں-انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے لاہور میں بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کیلئے انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک بنانے کا کام شروع کیا ہے،لارنس روڈ پر انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک مکمل ہو چکا ہے، الحمرا کے قریب بننے والے انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا جبکہ لاہور میں مزید 4 انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک بنائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پی ڈی ایم اے سٹاف کیلئے دو ماہ کی تنخواہ بطور اعزازیہ دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ پی ڈی ایم اے اپنے ویئر ہاؤسز میں ضروری آلات اور سامان کی دستیابی یقینی بنائے، ڈی واٹرنگ سیٹ فنکشنل رکھے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ اضلاع میں سانپ کے کاٹنے کے علاج کی میڈیسن وافر مقدار میں موجود ہونی چاہیئے، محکمہ موسمیات موسم کی صورتحال کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹ پیش کرے اور دریاؤں کے کیچمنٹ ایریاز میں ہونے والی بارشوں کی ڈیلی رپورٹ مرتب کی جائے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کو درکار وسائل کی فراہمی کی ذمہ داری پوری کی جائے گی۔
اجلاس میں مون سون سیزن کے پیش نظر ممکنہ سیلاب کے حوالے سے تیاریوں و انتظامات کاجائزہ لیاگیا اوراربن فلڈنگ کے خدشے کے حوالے سے شہروں میں ضروری انتظامات پر غور کیاگیا۔
صوبائی وزیر پی ڈی ایم اے میاں خالد محمود، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری آبپاشی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔











