چیئرمین  و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ  نے پارلیمنٹ ہاؤس کے لان میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا

35

اسلام آباد،30جولائی  (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے پارلیمنٹ ہاؤس کے لان میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا۔

 اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ماحول دوست اقدامات ہماری ترجیحات میں شامل ہیں، ماحول دوست رویوں کے فروغ کیلئے تمام اداروں کو ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو بھر پور شجر کاری اور ماحول دوست اقدامات سے ہی کم کیا جاسکتا ہے، درخت لگانا ہماری انفرادی و اجتماعی ذمہ داری ہے، عوام سے اپیل ہے کہ درخت لگا ئیں اور ماحول دوست رویے اپنائیں۔

اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ  پارلیمان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کیلئے موثر قانون سازی کیلئے کوشاں ہیں، کاربن کا اخراج کم کرنے کیلئے پارلیمان شمسی توانائی سے بجلی کی ضروریات پوری کر رہی ہے۔انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ عوام شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

اس موقع پر سینیٹر ز فدا محمد ، ذیشان خانزادہ کے علاؤہ سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان بھی موجود تھے ۔