ڈی پی او ضلع خیبر کی سربراہی میں تاریخ میں پہلی مرتبہ منشیات فروشوں ، سمگلروں کے خلاف گرینڈ آپریشن ، چار منشیات فیکٹریوں کو سیل کردیا گیا

28

پشاور، 14جولائی(اے پی پی):  ڈی پی او ضلع خیبر وسیم ریاض کی سربراہی میں تاریخ میں پہلی مرتبہ ضلع خیبر کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کی خاطر جامع آپریشن شروع کیا گیا یے جس   دوران اب تک چار منشیات فیکٹریوں  کو سیل کردیا گیا ہے ۔

کریک ڈاؤن کے دوران ایس ایچ او جمرود اکبر آفریدی نے شاکس اور کارخانو وزیر ڈھنڈ میں چار ہیروئن بنانے والے فیکٹریاں سیل کی ہیں جہاں سے آئس اور دیگر خطرناک منشیات تیار کرنے کے بعد ملک کے مختلف شہروں کو سپلائی کی جاتی تھی، کارروائی کے دوران 26 کلو گرام ہیروئن، چار کلو گرام آئس، آٹھ کلو گرام سے زائد اعلی کوالٹی چرس، 12 کلو گرام افیون سمیت مختلف خطرناک منشیات میں استعمال ہونے والا 54 کلو گرام سے زائد کمیکل بھی برآمد کیا گیا یے۔

کریک ڈاؤن کے دوران ابتدائی طور پر بدنام زمانہ منشیات سمگلر معمور عرف رحیب سمیت پانچ ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا جن کی نشاندھی پر تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے متعدد دیگر افراد کو بھی شامل تفتیش کر لیا گیا ہے۔

ڈی پی او خیبر وسیم ریاض نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے حالیہ کارروائی کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ضلع خیبر کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کی خاطر بلاتفریق کارروائیوں کا سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔ انہوں نے خصوصی طور پر کارروائیوں میں حصہ لینے والے ایس ایچ او جمرود اکبر آفریدی اور اسکی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے پوری جانفشانی اور مستعدی کے ساتھ کارروائی جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔