کسی بھی قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کیلئے ریاست پاکستان کی سرزمین کا استعمال جائز نہیں؛ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

65

لاہور، 24 جولائی(اے پی پی): وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ  محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ کسی بھی قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کیلئے ریاست پاکستان کی سرزمین کا استعمال جائز نہیں،عید الاضحٰی کی  طرح محرم الحرام میں بھی بین المسالک ہم آہنگی، امن و امان کو قائم رکھا جائے گا۔

 ہفتہ  کو یہاں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  ان کا کہنا تھا کہ بین المسالک ہم آہنگی کے لئے پیغامِ پاکستان ضابطۂ اخلاق مہم کا آغاز 27 جولائی سے راولپنڈی سے کیا جا رہا ہے جس کے تحت ملک بھر خصوصاً صوبہ پنجاب میں مشاورتی دورے کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ متحدہ علما بورڈ اپنی ذمہ داری جانتے ہوئے تمام مکاتبِ فکر کے علما و مشائخ سے رابطے کر کے محرم الحرام میں امن و امان کو یقینی بنائے گا۔

وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ  محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ  اسلام میں مذہبی مقدسات کا احترام لازم قرار پایا ہے اور بین المسالک شب و شتم و بلاجواز اشتعال انگیزی کو ملت اسلامیہ پر حرام کیا گیا ہے، یہ صرف ریاست اورآئین کا حق ہے کہ وہ کسی کو کافر قرار دے۔ غیر مسلم شہریانِ پاکستان کو بھی جو آئینی حقوق حاصل ہیں، ان کا تحفظ ریاست کا فرض ہے۔

 طاہر محمود اشرفی نے بتایا کہ  اسلام میں واضح طور پر خواتین کی تعلیم اور وراثتی حق کو محفوظ کیا گیا جسے ان سے کوئی چھین نہیں سکتا  جبکہ جہاد اور قتال کا حکم بھی ریاست اور حکومتِ وقت کا حق ہے، اس حق کا کسی اور کی جانب سے بلاجواز استعمال بھی فساد فی الارض کا باعث بنتا ہے چنانچہ آئین اور قانون سے ماورا کسی بھی مسلک اور مکتبۂ فکر کا کوئی اعلان یا فتویٰ ہرگز قابل قبول اور قابل تقلید نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاک سر زمینِ پاکستان اللہ تعالی کی خاص عطا ہے، اس کو کسی بھی مقامی یا بین الاقوامی منفی ایجنڈے کے تحت شدت پسندی اور قتل و غارت گری کے لئے کوئی بھی استعمال نہیں کر سکتا۔