محرم الحرام میں پیغامِ پاکستان ضابطۂ اخلاق مہم کے ذریعے علما امن وامان کو ممکن بنائیں گے؛ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

46

            لاہور، 24 جولائی(اے پی پی): وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ  محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے محرم الحرام میں پیغامِ پاکستان ضابطۂ اخلاق مہم کے ذریعے علما امن وامان کو ممکن بنائیں گے۔

 ہفتہ  کو یہاں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  ان کا کہنا تھا کہ بین المسالک ہم آہنگی کے لئے پیغامِ پاکستان ضابطۂ اخلاق مہم کا آغاز 27 جولائی سے راولپنڈی سے کیا جا رہا ہے جس کے تحت ملک بھر خصوصاً صوبہ پنجاب میں مشاورتی دورے کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ متحدہ علما بورڈ اپنی ذمہ داری جانتے ہوئے تمام مکاتبِ فکر کے علما و مشائخ سے رابطے کر کے محرم الحرام میں امن و امان کو یقینی بنائے گا۔

وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ  محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ  اسلام میں مذہبی مقدسات کا احترام لازم قرار پایا ہے اور بین المسالک شب و شتم و بلاجواز اشتعال انگیزی کو ملت اسلامیہ پر حرام کیا گیا ہے، یہ صرف ریاست اورآئین کا حق ہے کہ وہ کسی کو کافر قرار دے۔ غیر مسلم شہریانِ پاکستان کو بھی جو آئینی حقوق حاصل ہیں، ان کا تحفظ ریاست کا فرض ہے۔