کشمیر الیکشن کے نتائج نے ثابت کیا کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کے دلوں میں بستے ہیں، معاون خصوصی کی پریس کانفرنس

35

لاہور26جولائی (اے پی پی )  معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کشمیر الیکشن  کے نتائج نے ثابت کیا کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کے دلوں میں بستے ہیں ۔ آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن میں انتشار سے جڑا، فساد سے ہم آہنگ، قومی سلامتی کو پارہ پارہ کرنے اور قوم کو گروپوں میں بانٹنے والا سیاسی چورن بیچنے والوں کا بیانیہ ناکام ہو گیا جبکہ عوام، قومی سلامتی اور دفاع سے جڑا بیانیہ جیت گیا،  ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے آج ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کل کے نتائج نے ثابت کر دیا کہ عمران خان کشمیری عوام کے دلوں میں بستے ہیں اور وہ انہیں اپنا مسیحا تسلیم کرتے ہیں۔ ووٹ کو عزت دو کا دعویٰ کرنے والوں نے کشمیر کے پہاڑوں پر نوٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا اور کشمیریوں کے انکار پر دھاندلی کا رونا شروع کردیا۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم آزاد کشمیرن لیگ کا تھااور اس کی قیادت میں الیکشن کمیشن نے جو قوانین بنائے جس پر ہمارے تحفظات تھے۔ کیونکہ دو حلقوں سے موجودہ وزیر اعظم الیکشن لڑ رہاتھا اور تمام سرکاری وسائل کو انتخابی مہم میں استعمال کررہا تھا۔وزیراعظم آزاد جموں کشمیر جب سرکاری گاڑیوں سے خود نمائندہ کے طورپرمہم چلا رہا ہو تو دھاندلی کیسے ہوگئی۔کشمیر میں ہمارا کوئی اہلکار تعینات نہیں اورپریزائیڈنگ آفیسر سے لے کر پولنگ کا تمام سٹاف آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت کے پے رول پہ تھا تو وفاقی حکومت الیکشن کیسے چوری کر سکتی ہے۔معاون خصوصی نے کہاکہ کشمیریوں نے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کا فیصلہ کرکے مودی کے رشتہ داروں کو کشمیر سے باہر پھینک دیاہے۔جعلی راجکماری  اپنے پاؤں کلہاڑی پر مار رہی ہیں کیونکہ کشمیریوں نے اُن کی جڑیں کاٹ دی ہیں۔