مظفرآباد،26 جولائی (اے پی پی ): کشمیر کا سفیر آزاد کشمیر الیکشن میں بھی کامیاب ہو گیا۔ آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں میں سے 44حلقوں کے نتائج کا اعلان ہو گیا ہے جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے 24نشستوں پر کامیاب حاصل کر لی۔
آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں پر انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل گزشتہ روز صبح 8 بجے شروع ہوا اور شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ مرد اور خواتین ووٹرز کی بڑی تعداد ووٹ ڈالنے پہنچی، معذور افراد نے بھی ووٹ کاسٹ کیا۔
آزاد جموں و کشمیر کے 45 حلقوں میں ووٹرز کی کل تعداد 32 لاکھ 28 ہزار 99 ہے۔ جن کے لیے آزاد کشمیر اور پاکستان میں 6 ہزار 114 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
پولنگ کے موقع پر آزاد کشمیر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے، 40 ہزار پولیس اہل کاروں نے الیکشن ڈیوٹی انجام دی جب کہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات کی گئی۔ آزاد کشمیر میں انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لیے پریذائیڈنگ آفیسرز سمیت 250 افسران کو مجسٹریٹ کے برابر اختیارات دیئے گئے۔











