کھلی کچہری عوامی آراء جاننے کا اہم ذریعہ ہیں، عوام کو نادرا کے ورکنگ کے بارے آگاہی دیں گے؛ چیئرمین طارق ملک

17

 

اسلام آباد،16جولائی  (اے پی پی):چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا ہے کہ عوام کا ڈیٹا نادرا کے پاس قومی امانت ہے اور اس امانت میں خیانت کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، عوام کے اعتماد اور ادارے کی ساکھ کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچانے والے عناصر کا فوری محاسبہ کرکے قرار واقعی سزا دی جائے  گی، کھلی کچہری عوامی آراء جاننے کا اہم ذریعہ ہیں، عوام کو نادرا کے ورکنگ کے بارے آگاہی دیں گے۔

  وزیراعظم پاکستان کے عوام دوست اقدامات کی پالیسی کے تحت جمعہ کو چیئرمین نادرا طارق ملک نے نادرا ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں سائلین کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور شناختی کارڈ اور نادرا دفاتر سے متعلق اپنی شکایات و گزارشات چیئرمین نادرا طارق ملک کے سامنے رکھیں۔ چیئرمین نادرا نے تمام سائلین کے مسائل کی بذات خود سماعت کی اور شکایت کو فوراً حل کرنے کے احکامات بھی صادر کئے۔

 چیئرمین نادرا طارق ملک نے نادرا ملازمین کو متبنہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا ڈیٹا نادرا کے پاس قومی امانت ہے اور اس امانت میں خیانت کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور نادرا ملازمین کو تاکید کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اپنے فرائض کی بھرپور طریقے سے انجام دہی کو یقینی بنائیں کیونکہ عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی ہمارا اولین فرض ہے اور جو اس فرض کی بجا آوری میں کوتاہی یا غفلت ناقابل برداشت تصور کی جائے گی۔

انہوں نے نادرا ملازمین سے  کہا کہ  اپنے ارد گرد فرائض میں غفلت یا بددیانتی میں ملوث عناصر پر بھی نظر رکھیں اور فوراً متعلقہ عہدیداران کو مطلع کریں تاکہ عوام کے اعتماد اور ادارے کی ساکھ کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچانے والے عناصر کا فوری محاسبہ کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔

 عوام  نے شکایات کی فوری اور بلاتاخیر شنوائی اور چیئرمین نادرا طارق ملک کی جانب سے عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں کی جانے والی خدمات اور کاوشوں کو بھرپور سراہا۔