جنوبی پنجاب کا پہلا میاواکی جنگل تکمیل کے مراحل میں داخل، مشیر وزیراعلی پنجاب جاوید اختر انصاری نے جنگل میں پودا لگایا

48

ملتان، 17 جولائی (اے پی پی) شہر اولیاء میں جنوبی پنجاب کا پہلا میاواکی جنگل تکمیل کے مراحل میں داخل۔ مشیر وزیراعلی پنجاب جاوید اختر انصاری نے پہلے میاواکی جنگل میں پودا لگایا اور انکے ہمراہ کمشنر جاوید اختر محمود نے بھی میاواکی جنگل میں پودا لگایا۔

اس موقع پر  جاوید اختر انصاری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے شجرکاری کو قومی پالیسی کا حصہ بنایا ہے، وزیراعظم کا 10 بلین ٹری سونامی ٹری پروگرام گیم چینجر ہے،ہر فرد اپنے حصے کا درخت لگا کر حکومت کا ساتھ دے۔ انہوں نے  کمشنر کو شہر میں بڑے پیمانے پر شجرکاری پر خراج تحسین پیش کیا۔

کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ

وہاڑی روڈ پر لینئر پارک میں 6 کنال پر میاواکی جنگل بنا کر 6500 درخت لگائے جارہے ہیں، لینئر پارک عقب جنرل بس سٹینڈ میاواکی جنگل پر 6.63 ملین لاگت آئے گی۔انہوں نے کہا کہ شہر میں 26 کنال پر مشتمل 5 میاواکی جنگلات میں 29 ہزار 225 پودے لگائے جارہے ہیں۔

 جاوید اختر محمود نے کہا شہر میں جنگلات اکسیجن پاکٹس کا کام دیں گے، کھاجی گراؤنڈ پر میاواکی جنگل پر 5.8ملین روپے، مسلم کالونی پارک پر 2.45 ملین لاگت آئے گی، قدیم مسجد گراؤنڈ جنگل پر 8.2 ملین روپے، کبوتر منڈی پارک پر 8.2 ملین روپے لاگت آئے گی۔

 کمشنر نے کہا کہ پی ایچ اے کو میاواکی جنگل بنانے کا ٹاسک سونپا گیا ہے، میاواکی جنگل میں لوکل اجناس کے تیار درخت اور پھلداد درخت لگائے جائیں۔

چیئرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ نے کہا کہ میاواکی جنگل شہر کیلئے پھیپھڑوں کا کام دیں گے ، جنگل سے آلودگی کیساتھ درجہ حرارت کم کرنے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر ڈی جی پی ایچ اے شفقت رضا بھی موجود تھے۔