گیمنگ انڈسٹری 500 ارب ڈالر کی مارکیٹ ہے,2021ء کے آخر تک اینی میشن انڈسٹری 300 ارب ڈالر کا ہدف عبور کرجائے گی، پاکستان اس میں 8.4ارب ڈالر کا فیئر شیئر حاصل کرسکتا ہے، چوہدری فواد حسین

13

اسلام آباد۔29جولائی  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی اینی میشن انڈسٹری میں ہر سال 20 گنا اضافہ ہو رہا ہے، گیمنگ انڈسٹری اس وقت 550 ارب ڈالر کی مارکیٹ ہے، سال 2021ءکے آخر میں صرف اینی میشن انڈسٹری 300 ارب ڈالر کا ہدف عبور کر جائے گی، پاکستان اس میں 8.4 ارب ڈالر کا فیئر شیئر حاصل کر سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اینی میشن، گیمنگ اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون کے لئے وزارت اطلاعات و نشریات اور برطانیہ کی بورن موتھ یونیورسٹی کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بورن موتھ یونیورسٹی اور اس کا نیشنل سینٹر فار کمپیوٹر اینی میشن ٹیکنالوجی، میڈیا اور جرنلزم میں مہارت کے ساتھ عالمی سطح پر تسلیم شدہ اور اعلیٰ کارکردگی کا حامل ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اینی میشن اور گیمنگ کے شعبہ میں کمپنیوں کے کاروبار میں اضافہ خوش آئند ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان کی 64 فیصد آبادی 25 سال اور 40 فیصد آبادی 20 سال سے کم عمر کی ہے، بورن موتھ یونیورسٹی کے ساتھ شراکت داری سے پاکستانی نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو فروغ دینے کا موقع میسر آئے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات بورن موتھ یونیورسٹی کے ساتھ مل کر پاکستانی نوجوانوں میں گیمنگ اور اینی میشن کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت 200 سے زائد ٹی وی چینلز کام کر رہے ہیں جبکہ ڈیجیٹل چینلز کی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فلم اور ڈرامہ کے شعبہ میں بہت سے مواقع موجود ہیں، ہم فلم انڈسٹری کو فروغ دینے کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماسٹرز اور پی ایچ ڈی ڈگریز کے لئے سکالر شپس پروگرام شروع کئے جا رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ بورن موتھ یونیورسٹی کی جانب سے تعاون کی فراہمی اس شعبہ میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔  قبل ازیں مفاہمت کی یادداشت پر نیشنل میڈیا یونیورسٹی کی فوکل پرسن ثمینہ فرزین نے دستخط کئے۔ مفاہمت کی یادداشت میڈیا، اینی میشن اور گیمنگ کے شعبوں میں تعاون کیلئے راہ ہموار کرے گی۔ اس موقع پر بورن موتھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے کہا کہ بورن موتھ یونیورسٹی کو وزارت اطلاعات و نشریات کے ساتھ اس شراکت داری پر خوشی ہے، اس شراکت داری سے پاکستانی طلباءکو مواقع میسر آئیں گے۔ ہم اس شعبہ میں پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے موقع پر وائس چانسلر بورن موتھ یونیورسٹی پروفیسر جان وینی، چیف آپریٹنگ آفیسر جم اینڈریو، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ این سی سی اے ڈاکٹر رچرڈ، ایف ایم سی کے سینئر لیکچرر ڈاکٹر ریحان ضیا، ہیڈ آف انٹرنیشنل مارکیٹنگ اینڈ سٹوڈنٹ ریکروٹمنٹ اینڈریو برڈ اور انٹرنیشنل پارٹنر شپ ڈویلپمنٹ منیجر ڈاکٹر الاسٹیئر موریسن نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔