تدریس، تحقیق اور گورننس کے معیار کو بڑھانے میں این اے ایچ ای نے اہم کردار ادا کیا ہے؛ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز کا ایچ ای سی کے سینئر ملازمین کیلئے استعداد کار بڑھانے کے پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب

25

اسلام آباد،29جولائی  (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ تدریس، تحقیق اور گورننس کے معیار کو بڑھانے میں این اے ایچ ای نے اہم کردار ادا کیا ہے، ان تین ستونوں پر  تعلیم اور پوری قوم کی کامیابی کا انحصار ہے۔

 وہ جمعرات کو ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)کے سینئر ملازمین کیلئے استعداد کار بڑھانے کے پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔وفاقی وزیر نے ایچ ای سی کے ملامین کے ساتھ ساتھ ملک بھر کی جامعات کی فیکلٹی کی استعداد کار بڑھانے کے حوالہ سے این اے ایچ ای کے وژن کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تدریس، تحقیق اور گورننس کے معیار کو بڑھانے میں این اے ایچ ای نے اہم کردار ادا کیا ہے، ان تین ستونوں پر  تعلیم اور پوری قوم کی کامیابی کا انحصار ہے۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ علم کی کوئی حد نہیں اور این اے ایچ ای نے لیڈرشپ، پراجیکٹ مینجمنٹ اور سٹرٹیجی کے حوالہ سے عالمی معیار کےتربیتی پروگرام کا انعقاد کرکے اس کا عملی ثبوت دیا ہے۔

 سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ یہ کوئی آسان کام نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن میں ہماری سینئر مینجمنٹ نے نہ صرف اس پروگرام سے خود استفادہ کیا ہو گا بلکہ ایچ ای سی کے آپریشنز میں بھی اس کی عکاسی ہو گی۔

شبلی فراز نے آکسن گلوبل ٹیم اور اے ایف فرگوسن ٹیم کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس سے معلومات اور تجربات کے تبادلے کا موقع پیدا ہوا ہے۔  انہوں نے پیشہ وارانہ ترقی کے اس پروگرام میں شامل ایچ ای سی کے ملازمین کو مبارکباد دی اور کہا کہ اس سے پیشہ وارانہ امور کی انجام دہی میں مزید بہتری آئے گی۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شائستہ سہیل، ریکٹر نیشنل اکیڈمی آف ہائیر ایجوکیشن (این اے ایچ ای) پروفیسر شاہین سردار علی، چیف ایگزیکٹو آفیسر آکسن گلوبل گیرالڈ نیومین اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔