اوکاڑہ:کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی کا ڈی ایچ کیوہسپتال کا دورہ، مریضوں سے سہولیات کے متعلق دریافت کیا

76

اوکاڑہ،10اگست (اے پی پی):  کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کااچانک دورہ کیا ہے ، کمشنر ساہیوال نے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید  اورایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر نبیل سلیم کے ہمراہ ایکسرے روم الٹراساؤنڈ سنٹر سرجیکل اور ایمرجنسی  وارڈز کے  دورےکے دوران مریضوں سے سہولیات کے متعلق دریافت کیا۔

 کمشنر ساہیوال نے کرونا سینٹر کا دورہ بھی کیا اور شہریوں سے ویکسین  کی سہولیات کے متعلق دریافت کیا۔ انہوں نے سی او ہیلتھ سے ضلع اوکاڑہ میں  کرونا کے مریضوں کے متعلق پوچھاجس پر سی او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید نے بتایا کہ اس وقت ضلع میں کرونا کے چالیس مریض ہیں جو اپنے گھروں میں آئسو لیٹ ہیں اور ان کاعلاج معالجہ جاری ہے۔

اس موقع پرایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال نے کمشنر کو بتایا کہ ایمرجنسی میں جان بچانے والی اور آپریشن تھیٹر میں ڈیلیوری کے لیے ادویات اور ڈائلسسز کی اشیا مفت فراہم کی جارہی ہیں۔

کمشنر ساہیوال علی بہادر قاضی نے ہسپتال میں مجموعی طور پر صفائی اور ایس او پیز پر عملدرآمد ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ ڈاکٹرز پیرا  میڈیکل سٹاف اور نرسز اپنی حاضری کو یقینی بنائیں کسی کوتاہی اور غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

کمشنر ساہیوال کے ہمراہ ڈپٹی کمشنرکیپٹن (ر) محمد علی اعجاز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) طاہر آمین اور ایس پی انویسٹیگیشن  بھی تھے۔