اٹک؛محرم الحرام کے حوالے سے ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس،مختلف امور زیر بحث لائے گئے

24

اٹک،04 اگست (اے پی پی): محرم الحرام کے حوالے سے ضلعی امن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں محرم الحرام سے متعلق تمام امور زیر بحث لائے گئے۔تمام شرکاء نے بھرپور رائے کا اظہار کیا اور مختلف تجاویزپیش کیں۔

اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے ڈی سی اٹک عمران حامد شیخ نے کہاکہ ماہ مبارک میں تمام مذہبی اجتماعات کو مکمل میونسپل سروسز فراہم کی جائیں گی۔عوام سے اپیل ہے کہ وہ ان اجتماعات میں جاتے ہوئے کورونا ایس او پیز پر بھر پور عمل درآمد کر یں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی و تحصیل سطع پر کنٹرول رومز بھی قائم کیے جائیں گے جہاں سے تمام اجتماعات کی مکمل اور سخت نگرانی کی جائے گی۔

 ڈی پی او اٹک رانا شعیب محمودنے کہا کہ محرم الحرام میں فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کیے جائیں گے، مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور اس ضمن زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع پولیس مذہبی اجتماعات کے منتظمین کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے، سوشل میڈ یا کے مواد کو سختی سے مانیٹر کیا جائے گا اور کسی بھی قسم کے قابل اعتراض مواد کو کسی بھی قسم کے میڈیا چینل پر نشر کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیگر شرکاء نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں اتحاد و یگانگت،صبر و استقامت کادرس دیتا ہے۔امام عالی مقام رضی اللہ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی میدان کر بلا میں شہادت ہمیں باطل کے سامنے مضبوطی سے کھڑا ہو نے کا سبق سکھاتی ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم شہدائے کربلا کی بے مثال قربانیوں کے لازوال درس پر عمل کریں اور اپنی زندگیوں کو اللہ تعالیٰ،حضرت محمد مصطفیﷺ،اہل بیت اطہار اور صحابہ اکرام رضوان اللہ اجمعین کی سنت کے مطابق گزاریں تاکہ دیناو آخرت میں فلا ح پا سکیں۔شرکاء نے کہا کہ یہ مبارک مہینہ ہمیں ایثار و قربانی سے ہمکنار کرتاہے، ہمیں چاہئے کہ اللہ تعالیٰ کے پسندیدہ لوگوں کی زندگیوں کو مشعل راہ بنائیں تاکہ روز محشر اللہ تعالیٰ اورحضرت محمد مصطفیﷺ کے سامنے کامیابی حاصل کر سکیں۔

ممبران امن کمیٹی نے انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کر وائی۔آخر میں پیر سعادت علی شاہ نے ملک کے امن و سلامتی کے لیے دعا کر وائی۔

ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب ملک جمشید الطاف، اسسٹنٹ کمشنرز،ممبران امن کمیٹی مولانا محمود الحسن توحیدی،مو لانا شیر زمان،سید وقار نقوی،علامہ عارف حسین واحدی،آفتاب حسین حیدری،قمر عباس،ملک اعجاز،محمد صفدر،سید محمد قاسم شاہ،شیخ محمد یونس،شوکت جعفری،غلام محمد صدیقی،مفتی عبداللہ،خالد محمود بھٹی اور دیگر ممبران و افسران بھی موجود تھے۔