اوکاڑہ،04اگست(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر محمد علی اعجاز نے کہا ہے کہ ریسکیو 1122کے نوجوان جس انداز سے فرائض کی بجاآوری سے لوگوں کا اعتماد حاصل کرتے ہیں وہ لائق تحسین ہے لوگ ان کی بہترین سروسز کی وجہ سے ان پر اندھا اعتماد کرتے ہیں،ریسکیو1122 ضلع کا واحد ادارہ ہے جس سے عوام کو شکایات نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریسکیو 1122 سنٹرل اسٹیشن اوکاڑہ پر سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ریسکیو 1122کے افسران اور جوانوں نے کم وسائل میں اپنی محنت سے بھر پور نتائج حاصل کئے ہیں اور بحثیت ڈپٹی کمشنر مجھے اس بات کا احساس ہے کہ ضلع اوکاڑہ کے دور دراز علاقوں میں بھی جس طرح ریسکیو1122کا سٹاف ایمرجنسی پر کوئیک ریسپانس کرتے ہوئے لوگوں کی جان و مال کو بچانے کے لئے ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں ان کا جذبہ قابل فخر ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ریسکیو1122 ضلع کا واحد ادارہ ہے جس کے بارے میں عوام کی شکایات نہیں ملتی اور آج میں اس ادارے کے افسران و اہلکاران کے درمیان فخر محسوس کرتاہوں۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) طاہر امین، ڈپٹی ڈائریکٹر خورشید جیلانی اور سی ای او ایجوکیشن اندریاس بھٹی بھی موجود تھے۔قبل ازیں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ظفر اقبال نے سالانہ محکمانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی اور ضلع میں عوام کی سہولت کے لئے ریسکیو 1122کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔
تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد علی اعجاز نے سالانہ کارکردگی کی بنیاد پر بیسٹ ریسکیورز میں شیلڈز تقسیم کیں اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال کو پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر اعزازی شیلڈ سے نوازا جبکہ ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کو پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے سوؤنیئر پیش کیا۔
قبل ازیں تقریب میں آمد پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے مہمان خصوصی کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا جبکہ ریسکیو کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔











