اٹک کی ترقی اور فلاح کے لیے بہت جلد بڑے تر قیاتی پیکج کا اعلان کیا جائے گا، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثما ن بزدار کا بسال شریف اٹک میں خطاب

198

اٹک ۔2اگست  (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثما ن  بزدارنے کہا ہے کہ اٹک  میرے    لئے دوسرے گھر کی طرح ہے  ،اس علاقے کے عوام کو اپنے دل کے قریب  سمجھتا ہوں ۔ اٹک کی ترقی اور فلاح کے لیے بہت جلد بڑے تر قیاتی پیکج کا اعلان کیا جائے گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار بسال شریف اٹک میں حضرت خواجہ امیر احمد چشتی (رح) کے مزار پر حاضری کے بعد عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ ممبر قومی اسمبلی میجر (ر)طاہر صادق، صوبائی وزیر مال پنجاب کرنل (ر) ملک محمد انور، صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال سید یاور عباس بخاری، سینئر رہنما پی ٹی آئی ملک خرم علی خان، کمشنر راولپنڈی سید گلزار حسین شاہ، آر پی او راولپنڈی عمران احمر، ڈپٹی کمشنر اٹک عمران حامد شیخ، ڈی پی او اٹک رانا شعیب محمود، اسسٹنٹ کمشنر جنڈ اعجاز عبدالکریم اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔دربار عالیہ آمد کے موقع پر سجادہ نشین خواجہ نظام الدین نے ان کا استقبال کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بسال کے ساتھ ان کے خاندان کا صدیوں پرانا رشتہ ہے۔ ان کے علاقے کے عوام کوہ سلیمان سے بسال شریف خواجہ امیر احمد چشتی (رح) کے مزار پر حاضری کے لیے آتے ہیں۔اٹک ان کے دل میں بستا ہے اور اس کی ترقی کے لیے خطیر رقم مختص کی گئی ہے اور موجودہ مالی سال میں جلد بہت بڑے پیکج کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال صوبہ بھر کے ضلعی ترقیاتی فنڈ میں 360ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ موجودہ حکومت  میں ترقی کا نیا دور شروع ہوا ہے اور وہ اس ضمن میں ہر ضلع،تحصیل اور گاؤں کا دورہ کر رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے بسال کو ماڈل ویلج اور گورنمنٹ ڈگری کالج بسال کو خواجہ امیر احمد(رح) کالج بسال بنانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ہر ممکن کوشش ہے کہ وہ پنجاب کے ہر گاؤں کو جدید ترین سہولیات سے مزین کریں اور اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔ قبل ازیں ممبر قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر صادق نے علاقے کی نمائندگی کرتے ہوئے سپاس نامہ پیش کیا۔انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثما ن بزدار کو  خوش آمدید کہا۔ انھوں نے  وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ بسال کو ماڈل ویلج بنایا جائے جس میں واٹر سپلائی، سڑکو ں کی بحالی و مرمت،دربار عالیہ کی اپ گریڈیشن، سکولوں کی اپ گریڈیشن، خواجہ امیر احمد(رح) کے نام پر یونیورسٹی کا قیام، کھیلوں کا سٹیڈیم، عید گاہ کی تعمیر، سوئی گیس کی فراہمی اور دیگر سہولیات موجود ہوں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے عوام کو یقین دلایا کہ بسال کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائیں گی اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثما ن احمد خان بزدارنے خواجہ امیر احمد(رح)کے خاندان میں ہونے والی وفات پر دعائے مغفرت کی۔ انہوں نے اس موقع پر عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔