مظفرگڑھ، 02اگست(اے پی پی): کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا ہے کہ سرکاری اراضی کو ناجائز قابضین سے فوری طور پر واگزار کرایا جائے اور واگزار کی جانے والی جگہ پر دوبارہ قبضہ نہ ہونے دیا جائے اگر سرکاری اراضی پر دوبارہ قبضہ ہوا تو سمجھا جائے گا اس میں علاقے کے پٹواری کی ملی بھگت شامل ہے۔ یہ بات انہوں نے مظفر گڑھ میں ریونیو عوامی خدمت کھلی کچہری میں محکمہ ریونیو سے متعلق عوامی شکایات اور مسائل سنتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اسداللہ، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ عابدہ فریداور اسسٹنٹ کمشنر ریونیوڈی جی خاں صفات اللہ بھی موجود تھے۔
کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق ایک چھت تلے ہر ماہ محکمہ ریونیو سے متعلق عوام کے مسائل سنے جاتے ہیں اور ان کا فوری ازالہ کیا جاتا ہے۔کھلی کچہری میں ریکارڈ کی درستگی، فرد ملکیت کے اجراء، انتقالات اور رجسٹری کے اندراج سے متعلق سائلین کی درخواستیں دیں۔جس پرکمشنر نے فوری ازالے کے لئے احکامات جاری کئے قبل ازیں کمشنر ڈی جی خان ڈاکٹر ارشاد احمد نے دیہی مراکز مال کرم داد قریشی اور اڈا بصیرا کا بھی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ تمام سنٹر پر سولر سسٹم نصب کیے جائیں تاکہ بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے سائل کو انتظار نہ کرنا پڑے۔کمشنر ڈی جی خان نے تحصیل کمپلیکس کا بھی دورہ کیا اور رجسٹری برانچ میں یکارڈ کا معائنہ کیا انہون نے تحصیلدار اقبال عباسی کو ہدایت کی گئی صفائی کا خاص خیال رکھا جائے کمپلیکس کے احاطے میں جھاڑیوں کو فوری طور پر ختم کیا جائے اوریہاں شجرکاری کی جائے۔
بعد ازاں کمشنر ڈی جی خان ارشاد ڈاکٹر ارشاد احمد نے خانپور بگا شیر میں محکمہ جنگلات کی اراضی پر ضلعی انتظامیہ،سول سوسائٹی اور صنعتوں کے تعاون سے لگائے گئے پودوں کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پودو ں کی مکمل نگہداشت کی جائے وقت پر پانی دیا جائے تاکہ لگائے گئے پودے تناور درخت بن سکیں اور مطلوبہ مقاصد کو حاصل کیا جاسکے۔
اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد، ڈی سی انجینئر امجد شعیب خان ترین اور اے ڈی سی فنانس جام آفتاب حسین نے پلکن کا پودے لگائے۔
اس موقع پر ڈی ایف او نعمان ارشد نے بتایا کہ 115ایکٹر اراضی پر شجر کاری کی جا رہی ہے جس پر ایک لاکھ پچاس ہزار پودے لگائے جائیں گے انہوں نے بتایا کہ مظفر گڑھ کو ہر سال تین ہزار ایکڑ اراضی پر پودے لگانے کا ہدف دیا گیا ہے جن کو سولرسسٹم کے ذریعے پانی لگایا جائے گا۔











