بزدار حکومت کا سروسز ہسپتال اور جناح ہسپتال میں جدید ایمرجنسی ٹاور کی تعمیر کا بڑا فیصلہ

30

 

لاہور25،اگست(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکا لاہور کے شہریوں کو معیاری علاج معالجے کی فراہمی کے لئے ایک اور احسن اقدام، بزدار حکومت نے سروسز ہسپتال اور جناح ہسپتال میں جدید ایمرجنسی ٹاور کی تعمیر کا بڑا فیصلہ کر لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دونوں ہسپتالوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ ایمرجنسی ٹاوربنانے کی اصولی منظوری دے دی۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدارنے کہا کہ دونوں منصوبوں کو جلد سے جلد حتمی شکل دی جائے،منصوبوں سے متعلقہ امور فی الفور نمٹائے جائیں،منصوبوں کے حوالے سے ٹائم لائن طے کر کے مزید اقدامات کئے جائیں اور سروسز ہسپتال اور جناح ہسپتال کے نئے ایمرجنسی ٹاور عالمی معیارکے مطابق ہونے چاہئیں۔

انہوں نے تاکید کی کہ  یہ دونوں منصوبے کم سے کم مدت میں مکمل کئے جائیں، ایمرجنسی ٹاورز بننے سے مریضوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولتیں ملیں گی، یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام تحریک انصاف کی حکومت کا انقلابی اقدام ہے،پاکستان کی تاریخ میں ہیلتھ کیئر کے حوالے سے ایسا بہترین پروگرام کسی حکومت نے نہیں دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ  کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام سے شہریوں کو معیاری علاج معالجہ کی سہولتیں بالکل مفت میسر ہو سکے گی، ماضی کی حکومت نے ہیلتھ کیئر کے حوالے سے دور دراز علاقوں کو یکسر نظر انداز کیا، ہماری حکومت پسماندہ علاقوں میں جدید ہسپتال قائم کررہی ہے-عوام کو ان کی دہلیز پرمعیاری علاج معالجہ فراہم کریں گے-

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں عوام کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے جاری پروگرام پر پیشرفت کاجائزہ لیا اورتونسہ میں کینسر ہسپتال کی تجویز پربھی غورکیا گیا۔