فیصل آباد۔10اگست (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچراتھارٹی فیصل آباد عاصمہ اعجاز چیمہ نے کہاکہ زندہ قومیں اپنی آزادی کا دن شایان شان طریقے سے مناتی ہیں جبکہ14اگست نہ صرف ہمارا یوم آزادی بلکہ تجدید عہد کابھی دن ہے کیونکہ ہمارے آباؤ اجداد نے یہ ملک بہت قربانیوں کے ذریعے حاصل کیا لہٰذا اس کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر شخص کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ویژن کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت ہر پاکستانی جشن آزادی کے دن ایک بشر دو شجر کے سلسلہ میں اپنے حصے کے دو درخت لگائے نیز14اگست کے موقع پر شہریوں میں پی ایچ کی جانب سے مفت پودے بھی تقسیم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے فیصل آباد اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے شہر کو سر سبز وشاداب بنانے کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ مون سون شجر کاری کے حوالہ سے تاریخی شجر کاری کی گئی ہے اور 7اگست کو پلانٹ فار پاکستان ڈے کے موقع پر ایک ہی روز میں سمندری روڈ پر 7ہزار جبکہ دیگرجگہوں پر 15ہزار پودے لگائے گئے ہیں جبکہ رواں ماہ اگست کے دوران ایک لاکھ پودے لگانے کا ٹارگٹ پورا کرلیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہر طبقہ اس بات پر متفق ہے کہ اپنے پیارے وطن کو کلین اینڈ گرین بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ7اگست کو فیصل آباد انتظامیہ،پارلیمنٹیرینز،سول سوسائٹی،اساتذہ کرام،بچوں،چیمبر آف کامرس کی خواتین،اقلیتی ارکان اور میڈیانے ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوکر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے ویژن کو تقویت بخشی اور یہ مہم ایک تحریک بن کر سامنے آئی جسے کامیابی سے ہمکنار کرنے پر وہ سب کی بے حد شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ 14اگست تک پلانٹیشن کے حوالے سے مختلف پرگرامز ترتیب دیئے گئے ہیں جن کے تحت ہر روز شجر کاری کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر کی بہت سی جگہوں کو تجاوزات سے پاک کرکے وہاں بھی پودے لگائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آنیوالے دنوں میں شہر کے 20مقامات پر میاواکی ٹیکنالوجی کے تحت پودے لگائے جائیں گے جو فیصل آباد کے باسیوں کیلئے تحفہ ثابت ہوں گے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ 14اگست کو جشن آزادی اس عزم اور عہد سے منائیں کہ ہم نے ملک کو سر سبز و شاداب بنا کر اپنی آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر بچہ،جوان،بوڑھا،بچیاں اور خواتین اپنے اردگرد گلی محلوں اور دستیاب جگہوں پر کم از کم دو پودے ضرور لگائیں اور ان کی دیکھ بھال کا بھی مکمل خیال کریں تاکہ یہ پودے تناور درخت بن کر فضائی و ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ میں معاون ثابت ہوسکیں۔











