نوشہروفیروز ،10 اگست (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر تاشفین عالم نے اپنے عہدہ کا چارج سنبھالتے ہی محکمہ روینیو، محکمہ صحت اور محکمہ پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ کے افسران سے علیحدہ علیحدہ تعارفی اجلاس کئے۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے تاشفین عالم نے نے محکمہ روینیو کے افسران اور تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیاروں کاروں سے کہا کہ روینیو کا کردار انتہائی کلیدی ہے،ضلع کے تمام شہریوں کی درست اور جائز شکایات کے حل کے لئے وہ اپنے تمام تر وسائل اور کوششوں کو تیز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں صفائی ستھرائی اور محرم الحرم کے دوران انتظامات،کورونا ویکسینیشن اور جشن آزادی کی تقریبات کے علاوہ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کے لئے اپنی کوششوں کو مزید تیز کریں۔
محکمہ صحت کے افسران کے اجلاس سے خطاب میں ڈپٹی کمشنر تاشفین عالم نےکہا کہ محکمہ صحت اپنے شہریوں کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں اس کے ساتھ کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کے عمل کو تیز کیا جائے۔
محکمہ پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تاشفین عالم نے کہا کہ ضلع بھر میں صفائی ستھرائی اور برساتی پانی کی نکاسی کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ متوقع بارشوں کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام ڈرینج ڈسپوزلز پر مشینری کو چالو حالت میں رکھا جائے جبکہ بجلی کے علاوہ جنریٹر کو متبادل کے طور پر تیار رکھا جائے اور ضلع کے شہریوں کوپینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے تما آر او فلٹر پلانٹس کو فعال کیا جائے۔
محرم الحرام کے انتظامات کے سلسلے میں شیعہ علما کاؤنسل کے رہنما مولانا حب علی، ارشاد علی اور دیگر نے بھی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کی اور محرم الحرام کے دوران امن وامان اور میڈیکل سہولیات کے انتظامات کے سلسلے میں اپنے خیالات اور تعاون کا اظہار کیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید عمار حسین، ڈی ایچ او ڈاکٹر سکندر علی عباسی، ڈی ایم پی پی ایچ آئی گل اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔











